پنجاب میں نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی منظوری
صوبائی کابینہ نے یہ فیصلہ پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے والی قراردار کے نتیجے میں کیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف لازمی قرار دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ منگل کو صوبائی کابینہ کے دارالحکومت لاہور میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ صوبائی کابینہ نے مسلم فیملی لا ویسٹ پاکستان رولز میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔
نئے رولز کے تحت اب نکاح کے وقت دلہا اور دلہن کو ختم نبوت کے حلف نامے پر دستخط بھی کرنے ہوں گے۔
صوبائی کابینہ نے یہ فیصلہ پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے والی قراردار کے نتیجے میں کیا ہے۔
گذشتہ برس 27 اکتوبر کو صوبائی اسمبلی نے متفقہ طور پر یہ قرار داد منظور کی تھی کہ ختم نبوت سے متعلق جیسا حلف نامہ پاسپورٹ اور نادرا شناختی کارڈ میں درج ہے ویسا ہی حلف نامہ نکاح فارم میں لازمی قرار دیا جائے۔