یوکرینی شہروں پر روس کی بمباری، ’پوتن کو نتائج کا اندازہ نہیں‘
یوکرینی شہروں پر روس کی بمباری، ’پوتن کو نتائج کا اندازہ نہیں‘
بدھ 2 مارچ 2022 11:12
یوکرین کے مشرقی شہر خارکیف پر فضائی حملے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ 112 زخمی ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب روس کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی افواج نے یوکرین کے جنوبی شہر خیرسن کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ روسی میزائل حملے یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر کے مرکز میں ہوئے۔
یہ فضائی کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب بدھ کو امریکی صدر جو بائیڈن نے ولادیمیر پوتن کو ایک "آمر" قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ روس کی معیشت کو مفلوج کرنے کے لیے پابندیوں کی مہم میں تیزی آئے گی۔
اپنے پہلے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں بائیڈن نے مغربی اتحاد کے عزم کو سراہا اور یوکرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’ہم یوکرین کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے جب تک وہ اپنے دفاع کے لیے کھڑا ہے، کانگریس یوکرین کی عوام کے دفاع کے لیے مزید اسلحے اور امداد کی منظوری دے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے روس کے جھوٹ کا مقابلہ سچ سے کیا۔ پوتن اب دنیا میں پہلے سے زیادہ تنہا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے جو کیا ہے دنیا انہیں ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔‘
اے ایف پی کے مطابق جب بائیڈن سٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کر رہے تھے اسی وقت خارکیف میں روسی کارروائی جاری تھی جو کہ ماسکو کی جانب سے بظاہر پہلے بڑے یوکرینی شہر پر قبضہ کرنے کی کوشش تھی۔
پوتن کے مغرب کی حمایت یافتہ یوکرینی حکومت کا تختہ الٹنے کے مشن کو حاصل کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے روسی فوجی یوکرین میں داخل ہوئے جس کے بعد سے اب تک سینکڑوں شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
روسی افواج نے بڑے پیمانے پر بمباری کی ہے اور شہری مراکز کو گھیرے میں لے لیا ہے تاہم یوکرین مصر ہے کہ ابھی تک کسی بڑے شہر پر قبضہ نہیں کیا جا سکا ہے۔
یوکرین کی فوج نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’روسی فضائیہ کے دستے خارکیف میں اترے اور ایک مقامی ہسپتال پر حملہ کیا۔حملہ آوروں اور یوکرینیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔‘
دوسری جانب روئٹرز نے روس کی سرکاری نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ روس کی وزارت دفاع نے بدھ کو دعویٰ کیا ہے کہ روسی افواج نے خیرسن پر قبضہ کر لیا ہے۔