Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدم اعتماد: ’ہمارے نمبرز پورے اور اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں‘

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادیوں سے بھی رابطے میں ہیں (فوٹو: پی ڈی ایم)
جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کے پاس نمبر پورے ہیں اور اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں۔
بدھ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ دو روز میں ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ اجلاس بلا کر تحریک پیش کریں یا تحریک عدم اعتماد جمع کروا دیں۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی بتایا کہ وہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’ان کا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں،مسلم لیگ ن اور پی پی کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطہ ہے یا نہیں، اس بارے میں علم نہیں ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان کے مطابق تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں پر غور ہو رہا ہے۔
’سارے امور کو دیکھ رہے ہیں، ہماری لیگل ٹیم رابطے میں ہے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کا موجودہ حکومت کو گرانے پر اتفاق ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ایسا ہو جاتا ہے تو اس کے بعد کیا ہو گا، اس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نئی حکومت کے قیام کے حوالے سے ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی، وقت آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔
 ’ہماری توجہ اس بات پر ہے کہ بہار آئے نہ آئے، خزاں جائے‘
مولانا فضل الرحمان کے مطابق پی ڈی ایم عدم اعتماد سے پہلے کسی داخلی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتی۔
انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے اتحادیوں پر انحصار نہیں کر رہیں۔
’ہمارا انحصار انفرادی شخصیات پر ہے۔‘
 

شیئر: