سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 9 شہروں اور کمشنریوں میں بس سروس چلائی جائے گی۔ 42 شٹل روٹس پر1660 کلو میٹرسفر کی سہولت فراہم ہوگی۔
الاقتصادیہ کے مطابق سٹراٹیجک پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے 276 بسیں مختص کی گئی ہیں۔ بس سٹینڈ کی مجموعی تعداد691 ہوگی۔
پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ میونسپلٹیوں اور ریجنوں کی ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کے تعاون سے القصیم، الشرقیہ، مدینہ منورہ، طائف اور جازان ریجنوں میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں کی تکمیل تک کام جاری رکھا جائے گا۔
اتھارٹی نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ بسوں سے مملکت بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔مصروف اور مرکزی علاقوں میں آمد ورفت آسان ہوگی۔ کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی۔