Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرے اوپر چیخنا بند کرو‘، انڈین ٹی وی اینکر کی ویڈیو وائرل

خاموش بیٹھے فرد پر تنقید کرنے والے انڈین ٹیلی ویژن میزبان کو دیر سے غلطی کا احساس ہوا (فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈین ٹیلی ویژن میزبان کو اپنے پروگرام کی ٹیم کی جانب سے کی گئی ایک معمولی غلطی پر اس وقت شدید شرمندہ ہونا پڑا جب غیرملکی مہمان نے مسلسل کی گئی تنقید پر اعتراض کردیا۔
انڈین چینل ٹائمز ناؤ کے ایڈیٹر انچیف راہول شیوشنکر اپنی ٹیم کی غلطی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنے تو ان کی غلطی کی نشاندہی کرتا ہوا کلپ اتنا وائرل ہوا کہ چند گھنٹوں میں 14 لاکھ سے زائد افراد نے اسے دیکھا۔ ویڈیو دیکھنے کے بعد اس پر تبصرہ کرنے والوں کی تعداد بڑھی تو مختصر سے وقت میں غیرملکی مہمان کا نام ٹرینڈز پینل کا حصہ بن گیا۔
انڈین ٹی وی میزبان نے پروگرام میں شریک دو غیرملکی مہمانوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اختلافی نکتے پر ایک پینلسٹ کا نام لے کر ان پر شدید تنقید کی تھی۔
گزشتہ روز نشر ہونے والے پروگرام کے دوران انڈین ٹیلی ویژن میزبان نے مہمانوں کے پینل میں شامل ایک پینلسٹ کا نام لیتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تو مغرب کی پالیسیوں کا نشانہ بنانے والے متعدد ملکوں کا حوالہ دے کر ان پر جوابی تنقید بھی کی۔
راہول شیوشنکر نے غیرملکی مہمان کو ریلیکس رہنے کا مشورہ دیا تو انہیں ’یہاں انڈیا میں بیٹھ کر لیکچر نہ دینے اور میدان جنگ میں فوج اتارنے‘ کا طعنہ دینے سے بھی پیچھے نہ رہے۔
یوکرائن اور روس کی جنگ کے معاملے پر گفتگو کے دوران راہول شیوشنکر نے یوکرینی اخبار کیئو پوسٹ سے وابستہ صحافی بوہدان ناہیل سے مخاطب ہو کر ساری تنقید کی لیکن ان کی ٹیم نے چونکہ یوکرینی صحافی کی جگہ دوسرے مہمان کا نام لکھا ہوا تھا اس لیے وہ اپنا سارا غصہ دوسرے مہمان پر اتارتے رہے۔
پروگرام میں شریک دوسرے مہمان اور ران پال انسٹیٹیوٹ فار پیس اینڈ پراسپیریٹی کے نمائندے ڈینیل مک ایڈمز نے خاصی دیر تک میزبان کی تنقید سنی لیکن معاملہ جب بہت زیادہ آگے بڑھا تو انہوں نے ایسا نہ کرنے کا مطالبہ کر ڈالا۔
انڈین ٹی وی میزبان راہول شیوشنکر کو مخاطب کرتے ہوئے ڈینیل مک ایڈیمز نے کہا کہ وہ خاموش ہیں اس کے باوجود میزبان ان پر مسلسل چلا رہے ہیں۔
معاملہ کی نشاندہی کی متعدد کوششیں کرنے کے بعد بھی جب انڈین ٹی وی میزبان جذباتی انداز چھوڑ کر خاموش نہ ہوئے تو غیرملکی مہمان نے بلند آواز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
غصہ بھرے لہجے میں انہوں نے کہا ’میں بات ہی نہیں کر رہا ہوں، دوسرا فرد بات کر رہا ہے۔‘ اس کے باوجود راہول شیوشنکر نے تنقید کا سلسلہ جاری رکھا اور انہیں ’یوکرینیوں کے ساتھ جا کر جنگ لڑنے‘ کا مشورہ دہرایا۔
پونے دو منٹ سے جاری مضحکہ خیز صورتحال پر ڈینیل مک ایڈیمز نے پھر میزبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’ڈیئر ہوسٹ میں نے ابھی تک ایک لفظ نہیں کہا، مجھے علم نہیں کہ آپ کیوں میرے اوپر چلا رہے ہیں۔‘ راہول شیوشنکر نے اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’ان پر نہیں چیخ رہے بلکہ مسٹر مک ایڈمز سے مخاطب ہیں۔‘
اس موقع پر غصہ اور جھنجھلاہٹ بھرے لہجے میں مہمان نے جواب دیا کہ ’میں ہی مک ایڈیمز ہوں، میں نے ایک لفظ نہیں کہا، میرے اوپر چیخنا بند کریں۔‘

شیئر: