غیر ملکی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے بھی خود کار سسٹم کے تحت چالان ہوں گے
مملکت کے ٹریفک قوانین پرسختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہر ایک پر لازمی ہے۔ مختلف ممالک کی نمبرپلیٹ والی گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے ہونے والی خلاف ورزیوں پرخودکارسسٹم کے ذریعے چالان کیے جاتے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے عرب ریاستوں سے آنے والے ایسے افراد کو ٹریفک قوانین پرسختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کہ جو مملکت میں اپنے ملک کی گاڑی والی نمبر پلیٹ استعمال کرتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسے افراد جوعرب ممالک کی نمبرپلیٹ والی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں اگر وہ ٹریفک خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں تو خود کارچالان سسٹم کے ذریعے خلاف ورزی کی جائےگی۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب کے تمام ریجنز میں ٹریفک قوانین کے تحت خلاف ورزیوں پرخودکارمانیٹرنگ کا نظام موجود ہے جن کے ذریعے کسی بھی خلاف ورزی کو فوری طور پر ریکارڈ کر کے ادارے کے مرکزی کنٹرول روم میں ارسال کر دیا جاتا ہے۔
خودکار سسٹم سے ریکارڈ کی گئی خلاف ورزی پر چالان کی اطلاع گاڑی کی نمبرپلیٹ کے ذریعے مالک کو دی جاتی تھی۔ اس ضمن میں ان گاڑیوں کے مالکان کو چالان ارسال کرنے کی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا جن پر مملکت کی نمبر پلیٹ نہیں ہوتی تھی۔