Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: خراب روشنی اور بارش کے باعث تیسرے دن کا کھیل جلد ختم

عثمان خواجہ نے آسٹریلیا کو عمدہ آغاز فراہم کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے  مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے دن خراب روشنی اور بارش کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا ہے۔
اتوار کو جب کھیل روکنے کا فیصلہ کا کیا تو اس وقت آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے تھے جبکہ کریز پر کپتان سٹیو سمتھ 24 اور مارنس لابوشین 69 کے انفرادی سکور کے ساتھ موجود تھے۔ 
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلین اوپنرز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے پہلی اننگز میں عمدہ آغاز فراہم کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں۔
پاکستان کو پہلی کامیابی 156 کے مجموعی سکور پر ملی جب ساجد خان نے ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کر دیا، انہوں نے 68 رنز بنائے۔  
عثمان خواجہ محض تین رنز کی کمی سے اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور 97 رنز پر نعمان علی کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے۔
سنیچر کو کم روشنی کے باعث جب دوسرے دن کا کھیل 16 اوورز قبل ختم کیا گیا تو اس وقت عثمان خواجہ چار جبکہ ڈیوڈ وارنر صفر پر بیٹنگ کررہے تھے۔ 
اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنانے کے بعد اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔

اظہر علی نے پہلی اننگز میں 185 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں  اظہر علی 185 اور امام الحق ١٥٧ رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے۔ عبداللہ شفیق نے 44 جبکہ بابر اعظم 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
پاکستان نے جب 436 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا تو اس وقت وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 29 اور افتخار احمد 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن، پیٹ کمنز اور مارکس لبوشین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹر کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لامبوشین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔

شیئر: