Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل چیمپئنز لاہور قلندرز اگلا جشن کہاں منائیں گے؟

لاہور قلندرز کی انتظامیہ کھلاڑیوں کے اہلخانہ کے ساتھ جیت کا جشن منا رہی ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے چیمپئینز لاہور قلندرز نے ایونٹ جیتنے کا جشن منانے کا ایک منفرد طریقہ اختیار کیا ہے اور اس سلسلے میں وہ پی ایس ایل کی ٹرافی لے کر کھلاڑیوں کے والدین کے ساتھ جشن منا رہے ہیں۔
لاہور قلندرز نے پہلی مرتبہ ایونٹ کا فائنل جیتنے کے بعد لنڈی کوتل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے والدین کے ساتھ ملاقات کی اور ٹیم کی کامیابی پر جشن منایا۔
لاہور قلندرز انتظامیہ نے اب نوجوان فاسٹ بولر زمان خان کے آبائی گھر جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں وہ ان کے اہل خانہ کے ہمراہ پی ایس ایل چیمپیئن بننے کا جشن منائیں گے اور نوجوان فاسٹ بولر کی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کریں گے۔
لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ‘پی ایس ایل کی ٹرافی سنیچر کو کشمیر روانہ ہوگی جہاں وہ لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر زمان خان کے اہل خانہ کے ساتھ جشن منائیں گے۔‘
اس سے قبل منگل کو لاہور قلندرز نے لاہور میں یونیورسٹی آف لاہور اور حارث رؤف کے گھر ان کے والدین کے ہمراہ وقت گزارا تھا۔
واضح رہے کہ زمان خان نے اس برس پاکستان سپر لیگ کے 13 میچ کھیل کر 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ زمان خان لاہور قلندرز کی ٹیم میں ایمرجنگ کیٹیگری کے کھلاڑی کے طور پر شامل تھے اور انہوں نے اپنی بولنگ کے منفرد انداز کی بدولت کافی پذیرائی حاصل کی۔
21 سالہ زمان خان پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر میر پور میں 10 ستمبر 2001 کو پیدا ہوئے۔ پاکستان سپر لیگ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں نیشنل ون ڈے کپ میں ناردرن ٹیم کے لیے بھی منتخب کیا جہاں انہوں نے تین میچز میں تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کا نام پہلی مرتبہ کشمیر پریمیئر لیگ میں کھیلنے کے بعد منظر عام پر آیا جہاں انہوں نے راولاکوٹ ہائکس کی نمائندگی کرتے ہوئے چھ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
لاہور قلندرز کی انتظامیہ کے مطابق ‘ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں کے اہل خانے کے ساتھ بھی جشن منانے پر غور کیا جارہا ہے تاہم ابھی تک اس بارے میں حتمی طور پر مزید کچھ نہیں بتایا جاسکتا۔‘

قلندرز کی انتظامیہ متعدد کھلاڑیوں کے اہلخانہ سے ملاقات کر چکی ہے (فوٹو: لاہور قلندرز)

لاہور قلندرز کی ٹیم نے جیت کا جشن منفرد طور پر منانے کی روایت کی بنیاد رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد غیر ملکی کھلاڑی راشد خان کو بھی ویڈیو کال کی تھی۔‘
افغانستان کے کھلاڑی راشد خان نے پی ایس ایل کے ساتویں سیزن کے نو میچوں میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
راشد خان اپنی قومی ٹیم افغانستان کی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے باعث پاکستان سپر لیگ کا ناک آوٹ مرحلہ نہیں کھیل پائے تھے۔

شیئر: