Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ایس ایل دنیا کی واحد لیگ جہاں ہر ٹیم کے پاس ٹرافی ہے‘

لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو فائنل میں 42 رنز سے ہرایا۔ (تصویر: پی ایس ایل/ٹوئٹر
لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں دفاعی چیمپیئنز ملتان سلطانز کو 42 رنز سے ہراکر پہلی مرتبہ پاکستانی کرکٹ کا میگا ایونٹ اپنے نام کر لیا ہے۔
لاہور قلندرز کے حامیوں کے لیے یہ لمحہ سات سالوں بعد آیا ہے اور وہ تمام لوگ جن کی امیدوں پر ہر سال ان کی ٹیم پانی پھیر دیتی تھی وہ آج پھولے نہیں سما رہے ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم کے لیے ایک بہت اہم بات یہ بھی تھی کہ انہوں نے اپنے پرستاروں کو یہ خوشی ان کے اپنے شہر لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں فراہم کی۔
کرکٹ پر تبصرے اور تجزیے کرنے والی مہوش بھٹی کو بھی یقین نہیں آرہا تھا کہ ان کی پسندیدہ ٹیم میچ جیت گئی ہے۔ انہوں نے لوگوں کو کہا ’آپ کو نہیں پتہ کہ لاہور قلندرز کا فین ہونا کیا ہوتا ہے، آپ کو نہیں پتہ، آپ کو کبھی نہیں پتہ چلے گا۔‘

لاہور کی ٹیم کے لیے اتنا بڑا دن تھا لیکن آج بھی ٹیم کے مالک فواد رانا گراؤنڈ میں نظر نہیں آئے۔ اویس سلیم نامی صارف نے لکھا ’فواد رانا کو آج سٹیڈیم میں ہونا چاہیے تھا آج۔‘

ایک صارف نے اس طرف توجہ دلائی کہ پی ایس ایل دنیا کی وہ واحد کرکٹ لیگ ہے جہاں ساری ٹیمیں ایک، ایک بار چیمپیئن بن چکی ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ صرف وہ واحد ٹیم ہے جس نے یہ ٹورنامنٹ دو مرتبہ جیتا ہے۔
’رمپوپٹارٹز‘ نامی اکاؤنٹ نے لکھا ’لاہور قلندرز کی جیت کے ساتھ پی ایس ایل دنیا کی وہ واحد لیگ بن گئی جس کی ہر ٹیم کے پاس ایک ٹرافی ہے۔‘

دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان فائنل ہار کر بھی مسکراتے اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کو مبارکبادیں نظر آئے۔
اینکرپرسن اجمل جامی نے محمد رضوان کی تعریف کرنے کے لیے ’شہزادہ‘، ’ہیرا کھلاڑی‘ اور ’چیتا کپتان‘ جیسے لفظوں کا استعمال کیا۔

تابش نامی صارف نے لکھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل کی ٹرافی سے قبل محمد رضوان کو گود میں اٹھایا اور یہ ایک انتہائی خوبصورت بات ہے۔

واضح رہے شاہین شاہ آفریدی بحیثیت کپتان پی ایس ایل جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔

شیئر: