Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیٹی کیوں پیدا ہوئی؟ ’قاتل باپ‘ بھکر سے گرفتار

ملزم نے پانچ فروری کو سات روز کی بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع میانوالی کی پولیس نے نومولود بچی کو فائرنگ سے قتل کرنے والے والد کو گرفتار کر لیا ہے۔  
جمعرات کو آئی جی آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’میانوالی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گذشتہ رات گرفتار کیا۔‘
شاہزیب پر الزام ہے کہ اس نے پانچ مارچ کو اپنی سات دن کی کمسن بچی کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔‘  
پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔  
ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ جس کے بعد مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور بھکر سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کی گرفتاری کے بعد ڈی پی او میانوالی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’آئی جی پنجاب کی ہدایت پر واقعے کی تفتیش کی نگرانی وہ خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے مراحل جلد مکمل کرتے ہوئے ملزم کو عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی۔‘

شیئر: