Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں کورونا وائرس، پونے دو کروڑ آبادی والے شہر میں لاک ڈاؤن

چین کے 18 صوبوں میں اومی کرون اور ڈیلٹا وائرس کے کلسٹر موجود ہیں (فوٹو روئٹرز)
چین میں 0034 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر تقریباً پونے دو کروڑ کی آبادی والے شہر شینزن میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو شہر کی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا ہے تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن اور پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی 20 مارچ تک رہے گی۔ شینزن میں اتوار کو 66 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
شینزن کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ’اگر وبا پر بروقت اور بہتر طریقے سے قابو نہ پایا گیا تو یہ آسانی سے بڑی تعداد میں لوگوں کو متاثر کرے گی۔‘
چین کے 18 صوبوں میں اومی کرون اور ڈیلٹا وائرس کے کلسٹر موجود ہیں اور اس صورتحال میں حکومت نے شنگھائی میں سکول بند کرنے سمیت متعدد شمال مشرقی شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔
چین کے کئی بڑے شہروں میں کورونا وائرس کے اومی کرون اور ڈیلٹا ویریئنٹس کے پھیلاؤ میں تیزی آئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں تین ہزار 393 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک دن پہلے کے مقابلے میں دو گنا ہیں جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
گذشتہ روز چین نے اومی کرون کے باعث کورونا کیسز میں اضافے کے بعد 90 لاکھ کی آبادی کے شمالی مشرقی شہر چنگ چن کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہا گیا تھا۔ ضرورت کی اشیا لینے کے لیے گھر کا ایک فرد دو دن کے بعد باہر جا سکتا ہے۔ تمام شہریوں کو وقفوں سے تین مرتبہ ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

جیلین کے قریب ایک شہر میں 93 کیسز سامنے آئے (فوٹو اے ایف پی)

جیلین کے قریب ایک شہر میں 93 کیسز سامنے آئے۔ حکام پہلے ہی آدھے شہر کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دے چکے ہیں اور سفر کے کئی روٹس بھی بند کر چکے ہیں۔
جیلین ایگریکلچر سائنس یونیورسٹی میں کلسٹر کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کے کئی عہدیداروں کو نوکری سے نکال دیا گیا، جبکہ طلبہ نے سوشل میڈیا پر شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن کے ٹیسٹ مثبت آئے انہیں لائبریری اور دیگر عمارتوں میں بند کیا جا رہا ہے۔

شیئر: