Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سالانہ 100 ملین سیاحوں کی آمد کا ہدف، ہوٹلوں کے 5 لاکھ کمرے تیار ہوں گے

سیاحت سمیت کئی شعبوں میں ترجیحی بنیاد پر سرمایہ کاری ہوگی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح نے کہا ہے کہ ’توانائی، سمندری مصنوعات، گاڑیاں، ٹرانسپورٹ، تعمیرات اور سیاحت کے شعبوں میں ترجیحی بنیاد پر سرمایہ کاری ہوگی‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ ’قومی سرمایہ کاری حکمت عملی سے تقریبا 3 ٹریلین یورو کی براہ راست سرمایہ کاری کے امکانات ہیں۔ ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی بھرپور مواقع ہیں۔‘ 
 ریاض میں سعودی یونانی انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے ’انہوں نے کہا کہ یونان کی  14 کمپنیاں پروجیکٹس مینجمنٹ، ٹیکنالوجی اور مختلف صنعتوں میں سعودی عرب میں سرمایہ لگائے ہوئے ہیں۔ یونانی سرمایہ کار مملکت میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔‘
خالد الفالح نے کہا کہ ’یونان میں سیاحت کا شعبہ ملک کو 20 فیصد قومی پیداوار دے رہا ہے جبکہ سعودی عرب میں سیاحت کے بڑے امکانات ہیں۔ مملکت میں 2030 تک 5 لاکھ ہوٹل روم تیار ہوں گے۔ ان میں بیشتر نئے ہوں گے۔  سالانہ 100 ملین سیا حوں کی سعودی عرب آمد کا ہدف ہے۔‘
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ’مملکت میں تفریحاتی سیاحت میں دلچسپی لینے والے 60 ملین سیاح آئیں گے۔ سعودی عرب کی مجموعی قومی پیداوار میں سیاحت کے شعبے سے 10 سے 15 فیصد تک آمدنی متوقع ہے۔‘
خالد الفالح نے کہا کہ ’سعودی معیشت مضبوط ہے۔ وژن 2030 کے ابتدائی 5 برسوں کے دوران مضبوط معاشی ڈھانچے نے پوری دنیا کو قائل کردیا ہے کہ سعودی عرب سرمایہ کاری کے امکانات اور اصلاحات والی ریاست ہے۔‘ 

شیئر: