’دا کشمیر فائلز‘ تنازع، انوپم کھیر کپل شرما کے دفاع میں سامنے آ گئے
’دا کشمیر فائلز‘ فلم انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں رہنے والے ہندو پنڈتوں کی زندگی کے بارے میں ہے (فوٹو: انڈیا شوبز)
بالی وڈ اداکار انوپم کھیر فلم ’کشمیر فائلز‘ تنازع پر کپل شرما کے دفاع میں سامنے آ گئے ہیں۔
چند روز سے کپل شرما کو اس بات پر تنقید کا سامنا تھا کہ انہوں نے کشمیر کے موضوع پر بننے والی فلم کی ٹیم کو اپنے پروگرام میں مدعو نہیں کیا، ٹوئٹر پر کپل شرما کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا تھا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق انوپم کھیر نے ایک نیوز چینل کر انٹرویو دیتے ہوئے وضاحت کی کہ کپل شرما کی جانب سے ان سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم انہوں نے شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ فلم ایک حساس موضوع پر ہے۔
انٹرویو کے وقت فلم کشمیر فائلز کے ڈائریکٹر ویوک اگنی ہوتری اور اداکار پلاوی جوشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر انوپم کھیر اور ویوک نے کہا کہ کپل شرما کی ان کے ساتھ یا مذکورہ فلم کے ساتھ کوئی مخاصمت نہیں ہے۔
اس بیان کے بعد کپل شرما نے دونوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس شو میں عموماً ایسی ٹیمز کو بلایا جاتا ہے جن کی فلم آ رہی ہوتی ہے اور یہ ایک قسم کی پروموشن ہوتی ہے۔
شو کے حوالے سے تنازع کی شروعات پچھلے ہفتے اس وقت ہوئی تھی جب فلم کے ہدایت کار نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کو کپل شو کی جانب سے نہیں بلایا گیا۔
ایک تقریب کے دوران ایک مداح نے ویوک سے کہا کہ وہ فلم ٹیم کو شو میں دیکھنا چاہتے ہیں جس پر ویوک کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے مجھے بلانے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ میرے پاس کوئی بڑا کمرشل سٹار نہیں ہے۔‘
ویوک کی ٹویٹ کے بعد بعض صارفین کی جانب سے کپل شرما پر شدید تنقید کی گئی اور ان کے شو بائیکاٹ کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔
اب انوپم کھیر نے کہا ہے کہ ’بہت ایمانداری سے بتانا چاہتا ہوں کہ مجھے شو پر بلایا گیا تھا۔‘
ان کے مطابق ’میں نے اپنے مینیجر کو بتایا تھا کہ یہ بہت سیریس فلم ہے، اور میں شو میں نہیں جا سکتا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تقریباً دو ماہ قبل کی بات ہے، جب مجھے آنے کی دعوت دی گئی تھی۔
جب انوپم کھیر نے کہا کہ ان کا نہیں خیال کپل شرما فلم کے حوالے سے مخاصمت رکھتے ہیں تو ویوک اگنی ہوتری نے فوری طور پر اس کی تائید کی۔
کپل شرما نے انوپم کھیر کا انٹرویو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’شکریہ پا جی، کہ آپ نے میرے خلاف غلط الزامات کی وضاحت دی، ان سب دوستوں کا بھی شکریہ جنہوں نے بنا سچ جانے مجھے اتنی محبت دی۔ خوش رہیے، مسکراتے رہیے۔‘
واضح رہے ’دا کشمیر فائلز‘ فلم انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں 1990 کی دہائی میں بسنے والے ہندو پنڈتوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کے نمایاں اداکاروں میں انوپم کھیر، متھن چکرورتی اور پلولی جوشی شامل ہیں۔