مونس الٰہی کو گرفتار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: نیب
پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ مونس الہی کی تقریر پر دھمکیاں آنا شروع ہو گئی تھیں۔ فوٹو اے ایف پی
قومی احتساب بیورو (نیب) نے میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف اس وقت نیب میں کوئی انکوائری زیر التوا نہیں ہے۔
بدھ کو جاری بیان میں نیب نے واضح کیا کہ وفاقی وزیر برائے آبائی وسائل مونس الٰہی کو گرفتار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس ضمن میں نیب کے بارے میں تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ ’مونس الہی نے تقریر کی تو ہمیں نیب کی طرف سے دھمکیاں آنا شروع ہو گئی ہیں۔‘
’مونس الٰہی نے تقریر کی تو ہمیں نیب سے دھمکیاں آنا شروع ہو گئیں۔ نا تجربہ کاری بہت ہے، انہیں پہلے سیکھنا چاہیے تھا۔ نیچے اتریں گے تو سیکھیں گے، حکومت کو اپنے لوگوں سے خطرہ ہے۔‘
چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا تھا ’وزیراعظم عمران خان 100 فیصد مشکل میں ہیں کیونکہ سارے اتحادیوں کا 100 فیصد رجحان اپوزیشن کی جانب ہے۔‘