Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان ایماندار،حکومت چھوڑی نہ ہی اپوزیشن جوائن کی: پرویز الٰہی

پرویز الٰہی کی جماعت کے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے اپوزیشن نہیں جوائن کی۔ فوٹو: پی ایم آفس
پاکستان میں حکمران تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار ہیں اور ان کی نیت بھی اچھی ہے۔
بدھ کو مسلم لیگ ق کی جانب سے جاری بیان میں پرویز الٰہی نے کہا کہ انہوں نے حکومت چھوڑی ہے اور نہ ہی اپوزیشن جوائن کی ہے۔
خیال رہے کہ منگل کو نجی ٹی وی چینل ‘ہم نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ ’حکومت میں عقل و دانش کا 100 فیصد فقدان نظر آ رہا ہے۔ حکومت کے گھبراہٹ اور غصے میں فیصلے سامنے آ رہے ہیں۔‘
انہوں نے انٹرویو میں مزید کہا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان 100 فیصد مشکل میں ہیں کیونکہ سارے اتحادیوں کا 100 فیصد رجحان اپوزیشن کی جانب ہے۔‘
بیان میں پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ق حکومت کی اتحادی ہے اور ایک الگ سیاسی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعتوں کے اندر مختلف آراء ہوتی ہیں لیکن فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔
’حکومت کا حصہ ہیں ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ عوامی مسائل کی نشاندہی آج نہیں کی پہلے دن سے کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اگر اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے چلے تو اس میں اس کا اپنا فائدہ ہے۔
 

شیئر: