باپ، بیٹی کا ایک ہی دن پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کا منفرد اعزاز
باپ، بیٹی کا ایک ہی دن پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کا منفرد اعزاز
بدھ 16 مارچ 2022 16:45
طارق اللہ- پشاور
صوبہ خیبر پختونخوا کی یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ انجینیئرنگ کے کانووکیشن میں باپ اور بیٹی نے ایک ہی دن پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر کے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔
اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مسعود خان نے میکاٹرانکس انجینیئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور ان کی بیٹی نادیہ خان مسعود نے الیکٹریکل انجینیئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مسعود خان نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ’ان کے بچوں میں سے کوئی ایسا ہے جو تعلیم میں ان کے برابر ہے۔‘
ڈاکٹر مسعود کا تعلق ضلع مردان کے علاقے لوند خوڑ سے ہے اور وہ جامعہ پشاور کے شعبہ انجینیئرنگ میں بحیثیت ایسوسی ایٹ پروفیسر پڑھا رہے ہیں۔
’جو لوگ کہتے ہیں کہ بیٹیاں کچھ نہیں کرسکتیں تو ان کے لیے میری بیٹی ایک مثال ہے، بیٹوں اور بیٹیوں میں کوئی فرق نہیں دونوں اگر محنت کریں تو کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔‘
مسعود خان نے بتایا کہ ’ان کے سات بچے ہیں جن میں سے پہلی تین بیٹیاں ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں معاشرے سے بہت کچھ سننے کو ملتا تھا۔‘
’کوئی کہتا تھا کہ ان کے بیٹے نہیں ہیں اور ان کا کوئی وارث نہیں ہوگا۔ اسی طرح کے کئی اور طعنے بھی سننے کو ملتے تھے لیکن لوگوں کی باتوں کا مجھ پر کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔‘
اپنی بیٹی کے ساتھ ڈگری مکمل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’گھریلو ذمہ داریوں کی وجہ سے وہ وقت پر پی ایچ ڈی مکمل نہیں کرسکے تھے لیکن بعد میں جب موقع ملا تو پی ایچ ڈی مکمل کرنے کا ارادہ کیا۔‘
’جب پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے کا سوچا تو اس وقت میری بیٹی بھی الیکٹریکل انجینیئرنگ میں ماسٹرز مکمل کرچکی تھی، تو ہم دونوں نے ایک ساتھ انٹری ٹیسٹ کے لیے اپلائی کیا اور دونوں نے امتحان پاس کر کے پی ایچ ڈی شروع کی۔‘
مسعود خان اور ان کی بیٹی ساتھ ہی یونیورسٹی جاتے اور تحقیقاتی مقالوں میں ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے تھے، اور کم سے کم وقت میں مقالے مکمل کرنے کے بعد ان کا کامیابی سے دفاع بھی کرلیا تھا۔
نادیہ مسعود خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پی ایچ ڈی کرنا آسان نہیں تھا لیکن والد نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی اور کبھی کسی بھی چیز کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔‘
’ایک ساتھ پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے کا آئیڈیا بھی میرے والد کا تھا، وہ کہتے تھے کہ ایک ساتھ ڈگری مکمل کریں گے۔‘
نادیہ مسعود نے کہا کہ ’یہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ اس قابل ہوئی ہوں کہ اپنے والد کے ساتھ ایک ہی دن پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرلی ہے۔ تاریخ میں شاید ایسا پہلی دفعہ ہوا ہوگا کہ باپ اور بیٹی نے ایک ہی دن پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔‘
مسعود خان نے لوگوں پر زور دیا کہ ’وہ بیٹیوں اور بیٹوں میں فرق نہ کریں بلکہ دونوں کو یکساں سپورٹ کریں۔‘
’پی ایچ ڈی کی ڈگری لینا آسان کام نہیں لیکن بیٹی نے محنت کی اور اس محنت کا صلہ انہیں مل گیا۔‘