تحریک انصاف کا اپنے ’باغی‘ ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
تحریک انصاف کا اپنے ’باغی‘ ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
جمعرات 17 مارچ 2022 21:00
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران 27 مارچ کو ڈی چوک میں ہونے والے جلسے کی بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف نے اپنے ’باغی‘ ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
باغی ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
اجلاس میں موجود ایک رکن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سندھ ہاؤس میں موجود ارکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سپیکر قومی اسمبلی کو ان تمام ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کریں گے۔‘
ذرائع نے بتایا کہ ’جن افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ان کی تعداد دس سے زائد یے جن میں خواتین ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں۔‘
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مشاورت کی گئی۔
’اجلاس کے دوران بعض وزرا نے جذباتی تقاریر بھی کیں جن میں وفاقی وزیر شیخ رشید احمد اور وفاقی وزیر فواد چوہدری شامل ہیں۔‘
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ’اچھا ہوا کہ یہ لوگ سامنے آگئے ہیں، تسلی رکھیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ان تمام چالوں کے باوجود تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اور جیت ہماری ہی ہوگی۔‘
وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو سندھ ہاؤس میں ارکان اسمبلی کی موجودگی پر میڈیا میں جارحانہ طرز عمل اپنانے کی ہدایت کی۔ ’یہ وقت ہے کہ ان لوگوں کو بے نقاب کیا جائے، یہ ہمارے جال میں خود پھنس چکے ہیں،ان کو بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا جائے۔‘
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران 27 مارچ کو ڈی چوک میں ہونے والے جلسے کی بھرپور تیاری کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز بھی دی جس پر متعدد ارکان نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کو دوبارہ اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں گورنر راج لگانے پر قانونی مشاورت سمیت دیگر امور پر مشاورت کی جائے گی۔