Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف میں بغاوت؟ کئی ’لاپتا‘ ارکان اسمبلی سندھ ہاؤس میں

تحریک انصاف کے باغی ارکان کا دعویٰ ہے کہ ’ان کے ارکان کی تعداد دو درجن ہے‘ (فائل فوٹو: قومی اسمبلی ٹوئٹر)
تحریک انصاف کے کئی ناراض اور مبینہ طور پر لاپتا ارکان قومی اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں منظرعام پر آگئے ہیں۔
جمعرات کے روز فیصل آباد سے راجا ریاض، مظفر گڑھ سے باسط بخاری، پشاور سے نور عالم خان اور فیصل آباد سے نواب شیر وسیر نے نجی ٹی وی چینلز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان پر پیسے لینے کا الزام غلط ہے اور وہ اپنی مرضی سے سندھ ہاؤس میں قیام پذیر ہیں۔
جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے دعویٰ کیا کہ ’ان کے ساتھ تحریک انصاف کے دو درجن ارکان ہیں جو تحریک عدم اعتماد میں حکومت کے خلاف ووٹ دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کسی رکن نے پیسہ نہیں لیا، ہم ضمیر کے مطابق اپنا ووٹ دیں گے۔‘
’حکومت کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا کر دیکھ لے، اگر اس سے کم ارکان ہوں تو میں ذمہ دار ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر وزیراعظم عمران خان ضمانت دیں کہ ’ہمارے ارکان پر پولیس تشدد نہیں ہوگا تو ہم واپس پارلیمنٹ لاجز میں چلے جائیں گے۔‘
راجا ریاض 2018 کے عام انتخابات میں این اے 110 فیصل آباد سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
ایک اور ناراض رکن نور عالم خان نے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ارکان پر 20 کروڑ روپے رشوت لینے کے الزام پر دکھ ہوا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں تین سال سے حکومت میں کرپشن کے خلاف آواز اٹھا رہا ہوں۔‘
’سیٹ آنی جانی چیز ہے، مجھے اس کی کوئی پروا نہیں، میں اپنے ضمیر کے مطابق اپنا ووٹ ڈالوں گا۔‘
نور عالم خان 2018 کے عام انتخابات میں این اے 27 پشاور سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ 2008 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔

تحریک انصاف کے مُنحرف ارکان سندھ ہاؤس اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)

باسط بخاری کا کہنا تھا کہ ’میں آزاد حیثیت سے ایم این اے منتخب ہوا ہوں، اور میں نے کبھی وزارت نہیں مانگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے حکومت سے اپنے علاقے میں جن ترقیاتی منصوبوں کا مطالبہ کیا تھا وہ ساڑھے تین سال گزرنے کے باوجود نہیں ملے۔‘
مقامی میڈیا کے مطابق تحریک انصاف کے دیگر کئی ’باغی ارکان‘ بھی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں ان میں رمیش کمار، احمد حسین دیہڑ، رانا قاسم نون، ریاض مزاری اور غفار وٹو بھی موجود ہیں۔‘
پی ٹی آئی کی خواتین ارکان میں نزہت پٹھان، وجیہہ اکرم شامل ہیں۔‘

شیئر: