جنوبی افریقن کھلاڑی زبیر حمزہ ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل
زبیر حمزہ نے چھ ٹیسٹ میچ اور ایک ون ڈے کھیلا ہے (فوٹو اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی زبیر حمزہ کا ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے رضاکارانہ طور معطل ہونے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق زبیر حمزہ کی عمر 26 برس ہے اور انہوں نے چھ ٹیسٹ میچ اور ایک ون ڈے کھیلا ہے۔
جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’آئی سی سی کے 17 جنوری کو ہونے والے اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ میں حمزہ کے جسم میں فیوروسیمائڈ کا ٹیسٹ مثبت آیا۔‘
فیوروسیمائڈ ایک دوائی ہے جس سے ہائپر ٹینشن اور جسم میں مادے کی زیادہ مقدار کا علاج کیا جاتا ہے۔ یہ ’ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی‘ کی ممنوعہ ادویات میں شامل ہے۔
جنوبی افریقہ کرکٹ کے مطابق ’زبیر نے ٹیسٹ مثبت آنے پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ وہ آئی سی سی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور فوری طور پر معطلی پر رضامند ہیں۔‘
’فیوروسیمائڈ کارکردگی نہیں بڑھاتی اور حمزہ نے اس ڈرگ کے جسم پر ہونے والے اثرات کی شناخت کی ہے۔‘
زبیر کو بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز میں شامل کیا گیا تھا، لیکن سیریز کے آغاز سے پہلے ہی ان کے نہ کھیلنے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ وہ ’ذاتی وجوہات‘ کی بنیاد پر سیریز نہیں کھیلیں گے۔