Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور ٹیسٹ: 351 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے بغیر کسی نقصان کے 73 رنز

شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کو 51 رنز پر بولڈ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میں میچ میں پاکستان نے 351 رنز کے تعاقب میں دن کے اختتام تک 73 رنز بنائے ہیں۔
جمعرات کو قذافی سٹیڈیم میں بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے امام الحق اور شفیق عبداللہ نے اننگز کا آغاز کیا اور نہائیت محتاط بیٹنگ کی۔ امام 42 اور عبداللہ شفیق 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی اور اپنی پہلی اننگز کی برتری کی بنا پر پاکستان کو 351 رنز کا ہدف دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے شاندار سینچری بنائی اور 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مجموعی طور پر نسیم شاہ اور شاہین شاہ اس میچ میں پانچ پانچ وکٹیں جبکہ نعمان علی دو وکٹیں لینے  میں کامیاب ہوئے۔ ساجد خان صرف ایک وکٹ لے سکے۔
بدھ کو پیٹ کمنز اور مچل سٹارک کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 391 رنز کے جواب میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی آخری چھ وکٹیں صرف 20 رنز کے اضافے کے ساتھ گریں اور تین ٹیل اینڈرز بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹے۔
عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور بابر اعظم 67 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے پانچ اور سٹارک نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز 90 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر ہوا تھا۔
اوپنر عبداللہ شفیق نے پہلے سیشن کے دوران اپنی نصف سینچری مکمل کی اور کھانے کے وقفے کے بعد لائن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 81 رنز بنائے۔ 

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 67 رنز بنائے (فوٹو: پی سی بی)

اظہر علی آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جو 78 رنز سکور کر کے پیٹ کمنز کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد سوائے کپتان بابر اعظم کے کوئی اور بے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اوپنر امام الحق تھے جنہوں نے 11 رنز سکور کیے اور پیٹ کمنز کا نشانہ بنے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز 391 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے 91 اور کیمرون گرین نے 79 رنز بنائے۔ الیکس کیرے نے 67 اور سٹیو سمتھ نے 59 رنز سکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 58 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 24 اوورز میں 79 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کے سپنرز نعمان علی اور ساجد خان ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

شیئر: