لاہور ٹیسٹ: نسیم شاہ کی عمدہ بولنگ، آسٹریلیا کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی
شاہین آفریدی نے ایک ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے پہلے دن کے اختتام تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 232 بنائے ہیں۔
کیمرون گرین 20 اور ایلکس کیری آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
پیر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں اس کے حق میں اچھا ثابت نہ ہوا۔ شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر کو سات اور مارنس لبوشین کو صفر پر پویلین کی راہ دکھا دی۔
اس کے بعد سٹیو سمتھ اور عثمان خواجہ نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 138 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سمتھ 59 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
بدقسمتی سے عثمان خواجہ اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور 91 رنز پر ساجد خان کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹریوس ہیڈ تھے جو نسیم شاہ کی گیند پر 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
آخری ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا نے اپنی فائنل الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ پاکستانی ٹیم نے فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی اور کراچی میں کھیلنے گئے دونوں ٹیسٹ میچز میں کوئی بھی ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرسکی تھی اور یہ دونوں میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگئے تھے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 13 برس کے طویل وقفے کے بعد یہ ٹیسٹ میچ ہو رہا ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ’یہ (قذاقی سٹیڈیم کی) پچ بھی راولپنڈی اور کراچی جیسی ہی لگتی ہے اور یہاں بھی پہلے جیسا کھیل ممکن ہو سکے گا۔‘
اس سے قبل پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’پچ تو ویسی ہی ہے لیکن میرا خیال ہے یہ ہمیں موقع دے گی۔ اس میں کچھ چھوٹے کریکس ہیں جن سے سپنرز کو مدد ملے گی۔ لیکن آپ سو فیصد حتمی بات نہیں کر سکتے کیونکہ کنڈیشنز میں فرق ہے۔ جو بھی ہو سپنرز اس میچ کے لیے تیار ہیں۔‘