’ایبسولوٹلی ناٹ‘: ’وزیر تعلیم کا پوسٹر عمران خان کی حمایت ہے یا مخالفت؟‘
جمعہ 25 مارچ 2022 12:35
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ملک بھر میں لگائے گئے پوسٹرز وزیراعظم کی اپوزیشن مخالف مہم کا حصہ ہیں۔ (تصویر: اے ایف پی)
سوشل میڈیا پر پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بنایا گیا پوسٹر سوشل میڈیا صارفین اور سیاست میں دلچسپی رکھنے والے افراد کی جانب سے مختلف تبصروں کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں سڑک کے کنارے لگے اس بڑے سے پوسٹر پر وزیراعظم عمران خان اور مراد راس کی تصاویر بنی ہیں اور اس پر لکھا ہے ’ایبسولوٹلی ناٹ۔‘
واضح رہے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے عدم اعتماد کا سامنا ہے۔ گذشتہ دنوں ان جماعتوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ انہیں وزیراعظم کو ان کے منصب سے ہٹانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کی بھی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان کو ان کے منصب سے ہٹانے کے لیے اپوزیشن کو 172 اراکین کی حمایت درکار ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کی جماعتوں کے اراکین کی مجموعی تعداد 162 بنتی ہے یعنی انہیں تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے مزید 10 اراکین اسمبلی کی حمایت چاہیے۔
اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو ایک عوامی جلسے کا اعلان کررکھا ہے اور لاہور سمیت پاکستان بھر میں ان کی حمایت میں لگنے والے بینرز اور پوسٹرز اسی مہم کا حصہ ہیں۔
وزیر تعلیم مراد راس نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ [پوسٹرز] لاہور میں ہمارے پورے حلقے میں لگائے گئے ہیں‘۔

وزیراعظم کی تصویر کے ساتھ لکھے ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ نے ٹوئٹر صارفین کو یہ پوچھنے پر مجبور کردیا کہ ’وزیر تعلیم کا پوسٹر عمران خان کی حمایت میں ہے یا مخالفت میں؟‘

عصمت اللہ نیازی نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’عمران خان کو بلکل سپورٹ نہ کریں، اس پوسٹر کی وضاحت کریں۔‘

صحافی ضرار کھوڑو اس پوسٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’میرے خیال میں یہ پوسٹر وزیراعظم کی حمایت کرتا ہوا نظر نہیں آتا۔‘

سلمان سکندر نامی صارف نے لکھا ’میں پنجاب کے وزیر تعلیم سے بلکل متفق ہوں۔ عمران خان ایبسولوٹلی ناٹ (یعنی بلکل نہیں)۔‘

واضح رہے ’ابسولیوٹلی ناٹ‘ (یعنی بلکل نہیں) کے الفاظ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ایک امریکی صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں اس وقت کہتے تھے جب انہوں نے پوچھا تھا کہ کیا پاکستان امریکا کو دہشتگرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے فوجی اڈے دے گا؟
وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ’ ابسو لیوٹلی ناٹ، پاکستان کی حدود سے کسی قسم کی کوئی مدد فراہم نہیں کی جائے گی۔‘