Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں کورونا متاثرین سے ملنے والوں کے لیے نئے ضوابط

پچھلے چوبیس گھنٹے میں 347 نئے مریض سامنے آئے ہیں(فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات میں قدرتی آفات، بحرانوں اور ہنگامی امور کے نگراں قومی ادارے نے کہا ہے کہ’ صحت اداروں کے تعاون سے کورونا متاثرین سے ملنے والوں کے حوالے سے نئے اقدامات کیے جائیں گے‘۔
امارات الیوم کے مطابق قومی ادارے کا کہنا ہے کہ ’اگر کورونا متاثرین سے ملنے والوں میں وائرس لگنے کی علامتیں نمودار ہوں گی تو ایسی صورت میں ان کا پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ وائرس سے متاثرین سے ملنےکی اطلاع پر پہلے اور ساتویں روز پی سی آر ٹیسٹ ہوگا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اس فیصلے پر جمعہ 25 مارچ سے عمل شروع کردیا گیا ہے‘۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں کورونا کے نئے کیسز میں  کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 347 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ 
وزارت صحت کے مطابق جمعہ 25 مارچ کو گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 3 لاکھ 75 ہزار579 ٹیسٹ کیے گئے۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ’ نئے کیسز کے بعد متاثرین کی کل تعداد 8 لاکھ 89 ہزار452 تک پہنچ گئی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 882 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ 62 ہزار730 ہوگئی ہے۔‘
’ گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں میں سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، مرنے والوں کی کل تعداد دو ہزار302  ہے‘۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی مزید 7 ہزار976 خوراکیں دی گئی ہیں۔ اب تک 2 کروڑ 44 لاکھ  63 ہزار554 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔

شیئر: