اہلیہ کی واپسی میں تاخیر، اقامہ کینسل کراکے نیا ویزا جاری کرایا جا سکتا ہے؟
اہلیہ کی واپسی میں تاخیر، اقامہ کینسل کراکے نیا ویزا جاری کرایا جا سکتا ہے؟
پیر 28 مارچ 2022 0:00
سعودی عرب میں اقامہ قوانین کے تحت ایسے افراد جو خروج وعودہ پرجاتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ مقررہ وقت پر واپس آئیں، نہ آنے کی صورت میں ان پر’خرج ولم یعد‘ کی خلاف ورزی درج کردی جاتی ہے۔
اس خلاف ورزی کے مرتکب کو مملکت میں تین برس کے لیے بلیک لسٹ کردیاجاتا ہے۔ یہ قانون ورک ویزے پرمملکت میں کام کرنے والوں کےلیے ہوتا ہے۔
ایسے افراد جو پابندی کے زمرے میں شامل کر دیے جاتے ہیں جوازات کے سسٹم میں انہیں بلاک کر دیا جاتا ہے۔ بلاک کیے جانے والے افراد اگر مقررہ مدت کے دوران مملکت آتے ہیں تو انہیں دوبارہ ڈی پورٹ کیا جاتا ہے۔
ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ ’اہلیہ خروج وعودہ پر گئی ہوئی ہیں، فوری طور پر واپس آنے کا ارادہ نہیں، اگر اہلیہ کا اقامہ کینسل کرتا ہوں تو اس صورت میں دوبارہ ان کے لیے ویزا جاری کرایا جاسکتا ہے؟‘
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ایسے ’خرج ولم یعد‘ کے قانون کا اطلاق ورک ویزے پرمقیم افراد پرہوتا ہے اس سے مرافقین مستثنٰی ہیں۔
خیال رہے سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے قوانین کے تحت ایسے تارکین جو خروج وعودہ پر جا کر واپس نہیں آتے ان پر خروج وعودہ کی خلاف ورزی ریکارڈ کی جاتی ہے۔
ایسے تارکین وطن جو ورک ویزے پرمملکت میں مقیم ہوتے ہیں ان پرخروج وعودہ کی خلاف ورزی ریکارڈ ہونے پرانہیں تین برس کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے جس کے تحت وہ مقررہ مدت کے دوران نئے ورک ویزے پرنہیں آسکتے۔
یاد رہے ماضی میں خرج ولم یعد کے سسٹم کا اطلاق فیملز پر بھی ہوتا تھا مگربعد ازاں فیملیز کو اس سے مستنٰی قراردیا گیا۔ مرافقین یا تابعین کیونکہ مذکورہ کیٹگری میں شامل نہیں ہوتے اس لیے انہیں دوبارہ اقامہ پر بلایا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں خرج ولم یعد کے قانون کے تحت مذکورہ پابندی میں آنے والوں کو اس بات کی اجازت ہوتی ہے کہ وہ پابندی کے دوران سابق کفیل کے ویزے پرآسکتے ہیں اس لیے بھی مرافقین یا تابعین کو اس مد میں شامل نہیں کیے جاتا۔
جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا ’خروج وعودہ لگا ہوا ہے۔ پرانے پاسپورٹ کے حساب سے اب سفر سے قبل نیا پاسپورٹ مل گیا۔ اس کی نقل معلومات کرنا ضروری ہے؟‘
جوازات کا کہنا تھا کہ دوسرے پاسپورٹ کی جوازات کے سسٹم میں نقل معلومات کے لیے جوازات کے ابشر یا مقیم پلیٹ فارم کے ذریعے کارروائی مکمل کرائی جاسکتی ہے۔
جوازات کے ٹوئٹر پر مزید کہا گیا تھا کہ ابشر یا مقیم پورٹل پر جوازات کی سروس ’تواصل‘ کے ذریعے نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا سسٹم میں فیڈ کرایا جاسکتا ہے۔
ڈیٹا فیڈ کرانے کے لیے تجدید شدہ اور پرانے پاسپورٹ کے علاوہ اقامہ کی فوٹو ’پی ڈی ایف‘ فائل میں اپ لوڈ کی جائے۔
خیال رہے کہ اپ لوڈ کی جانے والی فائل ایک ہی ہو، ایک سے زائد ہونے کی صورت میں سسٹم اسے رد کردیتا ہے جس کی وجہ سے نقل معلومات کی کارروائی مکمل نہیں ہوسکتی۔