سعودی امدادی ایجنسی ایک لاکھ 56 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کرے گی
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے 37 ملین ریال کی لاگت کے ’ایطام‘ انیشیٹو کا افتتاح کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات رمضان کے دوران 19 ممالک میں ایک لاکھ 56 ہزار 993 فوڈ باسکٹ تقسیم کرے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سوپروائزر جنرل ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے 37 ملین ریال کی لاگت کے ’ایطام‘ انیشیٹو کا افتتاح کیا جس کا مقصد نو لاکھ، ایک ہزار463 افراد تک پہنچنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سوپروائزر جنرل ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی حکومت کی جانب سے دنیا بھر کے غریب افراد کو فراہم کی جانے والی مسلسل انسانی امداد کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے خوراک کی ضروریات میں سپورٹ ملے گی اور رمضان کے دوران متعدد ممالک میں ضرورت مند ترین گروہوں کے لیے حالات زندگی بہتر ہوں گے۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ مئی 2015 میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے قیام کے بعد سے مرکز نے 79 ممالک میں ایک ہزار 920 سے زیادہ منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن پر 5.6 بلین ڈالر سے زیادہ خرچ ہوئے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کےعلاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 325 ملین ڈالراورصومالیہ میں 210 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے پروگراموں میں فوڈ سکیورٹی، پانی کی صفائی اورحفظانِ صحت، ہیلتھ، تعلیم، انسانی اور ہنگامی امدادی رابطہ کاری، لاجسٹکس، نیوٹریشن اور ہنگامی ٹیلی کمیونیکیشن شامل ہیں۔