یمنی بچوں کی تعلیمی سپورٹ کے لیے سعودی امدادی ایجنسی اور یونیسف کا معاہدہ
یمنی بچوں کی تعلیمی سپورٹ کے لیے سعودی امدادی ایجنسی اور یونیسف کا معاہدہ
منگل 29 مارچ 2022 21:21
70 لاکھ ڈالرمالیت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائےامداد و انسانی خدمات یونیسف کے ذریعے یمنی بچوں کا خصوصی تعلیمی پروگرام شروع کرے گا۔
سعودی امدادی ایجنسی نے یونیسف کے ساتھ 70 لاکھ ڈالر کی لاگت سے یمنی بچوں کو بہترین تعلیم کے مواقع فراہم کرانے کے لیے خصوصی معاہدہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی جانب سے مرکز کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ العربیعہ اور یونیسف کی جانب سے ایگزیٹیو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے دستخط کیے ہیں۔
معاہدے کے بموجب جنگ سے متاثر بچوں کے لیے کثیر الجہتی تعلیمی حکمت عملی نافذ ہوگی۔ کوشش کی جائے گی کہ یمنی بچوں کو محفوظ ماحول میں بہترین تعلیم میسر کی جائے۔ یمنی بچے اچھے ذہنی اور جسمانی ماحول میں تعلیم جاری رکھ سکیں۔
معاہدے کے تحت یمنی والدین کو بچوں کی تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہیں بچوں کو سکول بھیجنے کی ترغیب دی جائے گی۔
اس پروگرام سے پانچ لاکھ 78 ہزار طلبہ، 7 سات ہزار اساتذہ اور ملک کے تمام علاقوں میں سوسائٹی کے 54 ہزار افراد کو فائدہ ہوگا۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز یمن کے تمام علاقوں میں 122 مین ڈالر کی لاگت سے 26 تعلیمی پروگرام نافذ کرچکا ہے۔
علاوہ ازیں اقوام متحدہ سمیت عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر متعدد تعلیمی منصوبوں کے نفاذ میں بھی تعاون کرتا رہا ہے۔