Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا روس پر بھروسہ نہیں کر سکتا‘، امریکہ کا انتباہ

جون 2021 میں صدر ولادیمیر پوتن نے انڈیا کا دورہ کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور روس کے درمیان تعلقات کی گرم جوشی پر امریکہ نے اپنے اتحادی ملک انڈیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ ماسکو پر انحصار نہیں کرسکتا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ نے انڈیا کو ایسے موقعے پر متنبہ کیا ہے جب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سرکاری دورے پر انڈیا میں ہیں۔
اس دوران وہ مودی حکومت کو آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے کہ مغربی ممالک کے دباؤ میں آ کر یوکرین جنگ کی مذمت نہ کریں۔
خیال رہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے خلاف اقوام متحدہ میں پیش ہونے والی قرارداد پر ووٹنگ سے انڈیا نے گریز کیا تھا۔ علاوہ ازیں جنگ کے بعد سفارتی سطح پر پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کے باوجود انڈیا، روس سے تیل خرید رہا ہے۔
دوسری جانب ایشیائی پیسیفک خطے میں چین کے جارحانہ اقدامات پر انڈیا کئی مرتبہ اپنے خدشات کا اظہار کرچکا ہے۔ سال 2020 میں چین کے ساتھ سرحدی تنازعے میں انڈیا کے 20 جبکہ چار چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
انڈین میڈیا کے مطابق امریکہ میں بین الاقوامی اقتصادیات کے نائب مشیر دلیپ سنگھ نے اپنے حالیہ دورہ انڈیا کے دوران کہا کہ ’اگر ایک اور تنازع پیدا ہوا تو روس پر انڈیا انحصار نہیں کرسکے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں روس ایک جونیئر پارٹنر ہوگا اور جتنی زیادہ روس کو چین پر برتری حاصل ہوگی، یہ اتنا ہی زیادہ انڈیا کے لیے کم سے کم سازگار ہوگا۔
دلیپ سنگھ نے مزید کہا کہ اگر چین نے ایک مرتبہ پھر لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی خلاف ورزی کی تو ان کا نہیں خیال کہ روس دوبارہ انڈیا کے دفاع کے لیے بھاگتا ہوا آئے گا۔

انڈیا نے اقوام متحدہ میں روس کے خلاف ووٹ دینے سے گریز کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ دیگر چند ممالک کی طرح چین نے بھی روس کے حالیہ اقدامات کی مذمت نہیں کی۔ یہی وجہ ہے کہ روس نے چین کے ساتھ شراکت داری کو ’لا محدود‘ قرار دیا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف چین کے سرکاری دورے کے بعد جمعرات کو انڈیا پہنچے تھے جہاں ان کی ملاقات وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ بھی متوقع ہے۔
روس پر عائد معاشی پابندیوں سے نمٹنے کے لیے انڈیا اور ماسکو کی کوشش ہے کہ تجارت میں آسانی پیدا کرنے کی غرض سے روسی روبل اور انڈین روپے میں لین دین کا کوئی طریقہ نکالا جائے۔
دلیپ سنگھ نے کہا کہ انڈیا کی توانائی کی ضروریات اور دفائی سازوسامان کی دستیابی میں امریکہ مدد فراہم کرسکتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ روس پر عائد معاشی پابندیاں کو نظرانداز کرنے والے ممالک کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

شیئر: