سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے ام السلم بلدیاتی کونسل کی حدود واقع 27 پٹرول سٹیشن سیل کیے ہیں۔
الوطن اخبار کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے پٹرول سٹیشن سیل کرنے کا فیصلہ وزارت بلدیات و دیہی و آبادکاری امور کے جاری کردہ لائحہ عمل اور پٹرول سٹیشن کی سلامتی کےلیے مقرر ضوابط کی خلاف ورزی پر کیا ہے۔
جدہ میونسپلٹی نے بیان میں کہا کہ ام السلم بلدیاتی کونسل کے انسپکٹرز نے تفتیشی مہم کے دوران یہ بات نوٹ کی تھی کہ مبینہ پٹرول سٹیشنوں کے مالکان لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
میونسپلٹی نے انہیں ہدایت کی تھی کہ پٹرول اور ڈیزل کے نرخ سکرین پر واضح کریں تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔ صارفین کو بینک کارڈ سے ادائیگی کی سہولت فراہم کیے جانےکی بھی پابندی نہیں کی جا رہی تھی۔
ام السلم کے انسپکٹرز نے پٹرول سٹیشنوں کے مالکان کو اصلاح حال کےلیے مہلت دی تھی جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔