Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ: سخت سکیورٹی، پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے پر پابندی

قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے اتوار کی صبح 11 بج کر 30 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ نے اتوار کو ہونے والے اجلاس کے موقع پر خصوصی حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے وزرا اور ارکان پارلیمان کے مہمانوں کی پارلیمنٹ میں آمد پر پابندی عائد کردی ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی سکیورٹی گارڈ کو پارلیمنٹ ہاؤس کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، بہتر یہی ہوگا کہ انہیں پارلیمنٹ لاجز کے سامنے ہی محدود کیا جائے۔
خیال رہے کہ اتوار کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی ہے۔ اجلاس کے لیے صبح 11 بج کر 30 منٹ کا وقت دیا گیا ہے۔
اراکین اسمبلی کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹل سے پارلیمنٹ ہاؤس تک شٹل سروس چلائی جائے گی تاکہ گاڑیوں کا رش نہ لگے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت اراکین پارلیمنٹ کے ذاتی ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طے شدہ پارکنگ ایریا میں ہی گاڑیاں کھڑی کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کے مطابق ہی پارلیمنٹ ہاؤس میں تعینات سکیورٹی ایجنسیاں تمام انتظامات کریں۔
وزیراعظم کی کال کے بعد نہ صرف اسلام آباد بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں انتظامیہ الرٹ ہوگئی ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا ہے جبکہ شہر کی شاہراہوں پر ٹریفک میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عمران خان کی کال پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے مختلف شہروں میں مظاہرے شروع کردیے (فوٹو: عرب نیوز)

اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، ریڈ زون میں جلسوں پر پابندی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے ریڈ زون میں جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
سنیچر کی رات کو جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کی جائے گی۔ 
نوٹی فیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ امن وامان کی صورت حال خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ 
اس کے علاوہ اسلام آباد میں دو روز کے لیے ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’ان پابندیوں کا اطلاق سنیچر اور اتوار کی رات 12 بجے سے ہوگا۔‘
علاوہ ازیں میٹرو بس سروس بھی بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

شیئر: