عمران خان لوگوں کو تشدد پر اُکسا رہے ہیں، انہیں جواب دینا ہوگا: شہباز شریف
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’عمران خان قوم کو تقسیم کرنے کی بھیانک سازش کررہے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’عمران خان شکست تسلیم کرنے بجائے لوگوں کو تشدد پر اُکسا رہے ہیں، جس کا انہیں جواب دینا ہوگا۔‘
سنیچر کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان پر الزام لگایا کہ ’وہ قوم کو تقسیم کرنے کی بھیانک سازش کررہے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ تمام آئینی اداروں کا فرض ہے کہ قانون و آئین کی پاسداری کے لیے اقدامات کریں۔‘
’ایسے انتظامات کیے جائیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اتوار کو ارکان پرامن طریقے سے پارلیمنٹ میں داخل ہوں اور ان کے ووٹ شمار ہوں۔‘
اپوزیشن لیڈر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’غیر جمہوری سوچ اور فسطائی ہتھکنڈوں کو روکنے کے لیے قانون اور آئین کی طاقت کو استعمال کیا جائے۔‘
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’اتوار کو اسلام آباد انتظامیہ ضروری انتظامات کرے گی اور ارکان کو پرامن ماحول میسر آئے گا۔‘