عمر گل اور یونس خان افغان کرکٹ ٹیم کے کنسلٹنٹ مقرر
عرب امارات میں افغان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ جاری ہے۔ فوٹو: روئٹرز
افغانستان کرکٹ بورڈ نے سابق پاکستانی کھلاڑیوں عمر گل کو بولنگ جبکہ یونس خان کو بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ دونوں سابق پاکستانی کھلاڑی متحدہ عرب امارات میں جاری افغان ٹریننگ کیمپ کے دوران ٹیم کو جوائن کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان بین الاقوامی کرکٹ سے 2017 میں ریٹائر ہو گئے تھے۔
بعد ازاں وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے فرائض نبھاتے رہے ہیں۔
فاسٹ بولر عمر گل سال 2020 میں کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ اس کے بعد وہ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ کے طور پر کام کیا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نصیب خان نے کہا کہ یونس خان اور عمر گل بین الاقوامی کرکٹ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ بیٹنگ اور بولنگ سے متعلق ہمارے کھلاڑیوں کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔
منگل کو افغانستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے سابق بیٹس مین گراہم تھورپ کو ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔
آئندہ ہونے والے بین الاقوامی میچز کے لیے افغان کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں تیاری کر رہی ہے۔