Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران نے خواتین کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے سے روک دیا

فیفا نے ایران کو ہدایت کی تھی کہ خواتین کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے (فوٹو اے ایف پی)
ایران کی حکومت نے سینکڑوں خواتین کو فٹ بال میچ دیکھنے کےلیے سٹیڈیم میں داخلے سے روک دیا ہے جو ٹکٹ خرید چکی تھیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو مشہد میں امام رضا سٹیڈیم میں ایران اور لبننان کے درمیان فٹ بال ورلڈ کپ کا کوالیفائر میچ ہوا جسے ایران نے 2-0 سے جیت لیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ’ایران اور لبنان کے درمیان میچ دیکھنے کےلیے دو ہزار خواتین نے ٹکٹ خریدے تھے اور وہ سٹیڈیم کے باہر موجود تھیں، لیکن وہ سٹیڈیم میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔‘
ایرانی فٹ بال ٹیم کے کپتان علی رضا جہاں بخش نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ خواتین کے داخل ہونے سے کوئی مسئلہ پیدا ہونا تھا، بلکہ ہماری ثقافت کی پرموشن ہونی تھی۔‘
مشہد کے گورنر محسن دواری نے کہا کہ ’میں معذرت کرتا ہوں کہ بہت سے لوگ سٹیڈیم میں داخل نہیں ہو سکے۔ بدقسمتی سے لوگوں کی بہت بڑی تعداد سٹیڈیم کے باہر کھڑی رہی۔‘
بدھ کو ایرانی صدر ابراہیم ریئسی نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔
رواں برس جنوری میں تین سال بعد خواتین کو عراق کے خلاف میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی۔
1979 میں اقتدار میں آنے کے بعد ایرانی حکومت نے عام طور پر خواتین کو فٹ بال سمیت دیگر کھیل دیکھنے کی اجازت نہیں دی۔
ایرانی علما کا کہنا ہے کہ خواتین کو مردوں کے ماحول سے دور رہنا چاہیے۔
تاہم ستمبر 2019 میں فیفا نے ایران کو ہدایت کی تھی کہ خواتین کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے۔
فیفا نے ایران کو یہ ہدایت اس وقت دی تھی جب ایک لڑکی نے بھیس بدل کر میچ دیکھا تھا اور جیل جانے کے خوف میں خود کو آگ لگا دی تھی اور ہلاک ہو گئی تھی۔

شیئر: