خادماؤں کی فراہمی کے فرضی اشتہارات سے ہوشیار رہیں، سعودی چیمبرز کا انتباہ
رمضان میں خادماوں کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
فیڈریشن آف سعودی چیمبرز اینڈ کامرس کی نمائندہ کمیٹی برائے انسانی وسائل کی جانب سےخبردار کیا گیا ہے کہ گھریلو خادماوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پرموجود جعلی اشتہارات پرتوجہ نہ دی جائے۔
جعل ساز سستی ماہانہ اجرت میں خادمہ کو بیرون ملک سے لانے کے اشتہارکے ذریعے سادہ لوح افراد کے بینک اکاونٹس کو ہیک کرکے ان کی رقم اڑا لیتے ہیں۔
عاجل نیوز نے سعودی فیڈریشن آف چیمبراینڈ کامرس میں انسانی وسائل کے امور سے متعلق کمیٹی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ فرضی کمپنیوں کے اشتہارات میں اس امر کی بھی ترغیب دی جاتی ہے کہ موجود خادمہ کی کفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے۔ خادمہ کی کفالت کی تبدیلی حوالے سے جعل ساز اپنے شکار کو لنک ارسال کرکے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ لنک کمپنی کا ہے جہاں درکار معلومات اپ لوڈ کی جائیں ۔
ایوان صنعت کا مزید کہنا تھا کہ لنک کے ذریعے جعل سازاپنے شکار کی تمام معلومات حاصل کرلیتے ہیں جن میں بینک کی تفصیلات بھی موجود ہوتی ہیں جس کے بعد جعل ساز ہیکرز بینک اکاونٹ کو ہیک کرکے وہاں موجود رقم کسی اوراکاونٹ میں منتقل کردیتے ہیں۔
اس حوالے سے ایوان صنعت وتجارت نے شہریوں کوسختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت غیر معروف اشتہارات کے چکرمیں نہ پڑیں تاکہ دھوکے کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔
واضح رہے رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب میں گھروں میں کام کرنے والی خادماوں کی کافی طلب ہوتی ہے۔ ایسی غیر قانونی طورپرمقیم خادمائیں جن کی ماہانہ تنخواہ 12 سو ریل ہوتی ہے وہ ان دنوں 5 سے 6 ہزار ریال ایک ماہ کے طلب کرتی ہیں۔