سعودی عرب یمن میں امن و استحکام چاہتا ہے: شہزادہ خالد بن سلمان
سعودی عرب یمن میں امن و استحکام چاہتا ہے: شہزادہ خالد بن سلمان
پیر 4 اپریل 2022 21:20
سعودی نائب وزیر دفاع سے یمن کے وزیر اعظم نے ملاقات کی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے پیر کو وزارت دفاع کے دفتر ریاض میں یمن کے وزیراعظم ڈاکٹر معین عبدالملک سعید اور یمنی کابینہ کے ارکان نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی، وزیراعظم معین عبداالملک اور یمنی وزرا کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی قیادت برادر ملک یمن اور اس کے عوام کےلیے امن و استحکام اور خوشحالی و سلامتی چاہتے ہیں‘۔
یمنی وزیراعظم نے شہزادہ خالدبن سلمان کو یمنی صدر کی جانب سے سعودی قیادت کےلیے خیر سگالی کا جوابی پیغام حوالے کیا ہے۔
سعودی نائب وزیر دفاع نے کہا کہ ’سعودی عرب یمن میں امن و استحکام چاہتا ہے۔ عرب اتحاد برائے یمن کی یہی خواہش ہے‘۔
’سعودی عرب یمن کے تمام علاقوں اور سعودی یمنی سرحدوں پر مکمل جنگ بندی سے متعلق اقوام متحدہ کے ایلچی برائے یمن کےاعلان کا خیر مقدم کرتا ہے ۔ جنگ بندی مارچ 2021 کے دوران یمنی بحران ختم کرانے اور بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی کےلیے پیش کردہ سعودی امن اقدام سے ہم آہنگ ہے‘ ۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ ’مملکت کی خواہش ہے کہ جنگ بندی یمنی فریقوں کے درمیان مشاورتی مکالمے کے ذریعے سیاسی تصفیے تک رسائی کا باعث بن جائے‘۔
واضح رہے کہ خلیجی تعاون کونسل یمنی فریقوں کے درمیان مشاورتی مکالمے کی سرپرستی کر رہی ہے۔
اس موقع پر یمنی وزیراعظم ڈاکٹرعبدالملک نے کہا کہ’ جی سی سی کے سائبان تلے اہل یمن کے درمیان مشاورتی مکالمہ یمنی عوام کی آرزوں کی تکمیل کا بڑا ذریعہ ہے‘۔