نئی دہلی... مودی حکومت نے پکے ہوئے کھانے کاضیاع روکنے کیلئے کفایتی منصوبہ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کیلئے وزارت صارفین امور ، غذائی و رسد نے کچھ ایسے سوالات تیار کرلئے جو بڑے ہوٹلوں اور ریستوران کو بھیجے جائیں گے تاکہ کھانے کا ضیاع روکنے کیلئے انکی رائے بھی حاصل کرلی جائے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں خبردار کیا تھا کہ بڑے ہوٹلوں اور شادی بیاہ کے موقع پر پکا ہوا کھانا ضائع ہوتا ہے جو ناانصافی ہے ایسا منصوبہ نافذ کیا جائے جس میں لوگوں کو صر ف اتنا کھانا مل سکے جتنی ان کو ضرورت ہے۔ وزارت صارفین امور و غذا و رسد کے وزیر رام ولاس پاسوان نے بتایا کہ کسی تقریب میں ایک شخص کو 2 جھینگو ں کی ضرورت ہے تو اس کی پلیٹ میں 6 جھینگے کیوں رکھے جائیں۔ انہو ںنے کہا کہ وزارت قانونی مسودہ تیار کررہی ہے جس میں لوگوں سے کہا جائےگا کہ جتنے کھانے کی ضروت ہے اتنا ہی پلیٹ میں رکھیں۔ یہی نہیں بلکہ ہوٹلوں اور ریستورانوں سے بھی کہا جائے گا کہ پلیٹ میں کھانے کی مقدار طے کریں ۔ پاسوان نے کہا کہ بڑے ہوٹلو ں میں ماہرین غذا ہوتے ہیں وہ ان تمام چیزوں کا تخمینہ اور اندازہ لگا کر ہی کسی پارٹی یا تقریب کا کھانا طے کرتے ہیں ۔ اگر انہیں گائیڈ لائنز دےدی جائیں تو پھر وہ صارفین کو اتنا ہی کھانا دیں گے جتنی انہیں ضرورت ہوگی اس طرح کھانا ضائع ہونے سے بچ جائےگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بڑے ہوٹلوں اور ریستوران تک ہی محدود رکھا جائے گا اور ان قوانین کیلئے چھوٹے ہوٹلوں اور ڈھابوں کو پابند نہیں بنایاجائے گا۔