اقامہ میں تاریخ پیدائش کیسے درست کرائی جائے؟
اقامہ کارڈ میں درستگی کرانے کے بعد جوازات کے اہلکار دوسرا کارڈ پرنٹ کردیتے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیرملکیوں کے اقامتی دستاویزات ومعاملات جن میں اقامہ کا اجرا، تجدید، ایگزٹ ری انٹری اورفائنل ایگزٹ وغیرہ شامل ہے، محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ (جوازات) کی زیر نگرانی انجام دیے جاتے ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے جوازات کے دفاتر مملکت کے تمام ریجنز اور شہروں میں قائم ہیں جبکہ تارکین کے معاملات کی بروقت انجام دہی کےلیے ڈیجیٹل ذرائع کی سہولت بھی موجود ہے۔
ایک شخص نے اقامے کے حوالے سے دریافت کیا ’اقامے میں تاریخ پیدائش کیسے تبدیل کی جائے ، پاکستان سے عدالت کے ذریعے تاریخ پیدائش درست کرانے کے بعد پاسپورٹ میں بھی درست کرائی اب اقامہ میں کس طرح کی جائے؟
جوازات کے قانون کے مطابق مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامہ کارڈ اوردیگر معاملات کے انجام دہی کے لیے کارکنوں کی کمپنی یا سپانسرکو جوازات کے دفتر سے رجوع کرنے کی اجازت ہے۔
اگرکسی کارکن کے اپنے اقامے میں معلومات میں درستگی کرانا مقصود ہوتو اس کے لیے کارکن کے سپانسرکو چاہیے کہ وہ اپنے ابشریا مقیم پورٹل کے ذریعے اپنے شہرکے قریب ترین جوازات کے مرکزی یا ذیلی دفتر سے ’اپائنٹمنٹ‘ حاصل کرے اس کے بعد وقت مقررہ پرجوازات کے دفتر میں جاکر وہاں کارکن کے اصل پاسپورٹ جس میں تاریخ پیدائش درست کرائی گئی ہو پیش کرے۔
اقامے میں معلومات درست کرانے کے لیے مخصوص فارم بھی پر کیا جانا لازمی ہے جس کے ساتھ پاسپورٹ اوراقامہ کی کاپی اور جوازات سے حاصل کیے گئے اپائنٹمنٹ کا پرنٹ بھی لگایا جائے۔
خیال رہے ایسے کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں اور وہ اپنے اہل خانہ میں سے کسی کے اقامہ کارڈ میں معلومات کی درستگی کرنے کے خواہاں ہیں تو انہیں اس امر کی اجازت ہوتی ہے کہ وہ خود براہ راست جوازات کے دفتر سے رجوع کریں تاہم اس کےلیے بھی پیشگی وقت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ جبکہ دیگرکاغذات وہی ہوں گے جن کا قبل ازیں ذکرکیا جاچکا ہے۔
اقامہ کارڈ میں درستگی کرانے کے بعد جوازات کے اہلکار دوسرا کارڈ پرنٹ کردیتے ہیں جس میں تاریخ کا جائزہ لینے کے بعد درست ہونے کی یقین دہانی کرلی جائے۔