Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اٹیک‘کی ناکامی کے بعد جان ابراہم نےنوٹ میں کیا لکھا؟

’اٹیک‘ یکم اپریل کو ریلیز ہوئی تھی (فوٹو: بالی وڈ لائف)
بالی وڈ اداکار جان ابراہم کی فلم ’اٹیک‘ باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی، تاہم اس کے باوجود بھی جان ابراہم خاصے خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جمعرات کو جان ابراہم نے اپنی فلم کے حوالے سے ایک طویل نوٹ لکھا جس میں انہوں نے فلم دیکھنے والوں کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ فلم میں اپنے کام پر فخر کا اظہار بھی کیا ہے۔
جان ابراہم نے اپنا نوٹ سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ فلم اٹیک ایک ہفتہ قبل ریلیز ہوئی تھی۔
اداکار کے نوٹ کا عنوان تھا ’بہت بہت شکریہ‘
انہوں نے لکھا ’فلم پر جیسا بھی ردعمل دیا گیا، اس پر ہم ان سب لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ایک نئی چیز کو دیکھا اور قبول کیا۔‘
نوٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ’اٹیک ہماری طرف سے ایک عاجزانہ اور ایماندارانہ تجربہ تھا، جس کا مقصد فلم انڈسٹری میں کچھ جدت لے آنا تھا۔ اس فلم کو بنانا کافی مشکل تھا کیونکہ اس دوران وبا کی تین لہروں کا سامنا کرنا پڑا تاہم اس کے باوجود ہم نے وہ حاصل کر لیا، جو فلم سے حاصل کرنا چاہتے تھے۔
جان ابراہم کے مطابق ’میں اس کی مکمل طور پر ذمہ داری لیتا ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے۔‘

ابھشیک بچن نے جان ابراہم کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا (فوٹو: فلم فیئر)

میں ٹیم کے ہر رکن کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتا ہوں جو انہوں نے ’اٹیک‘ فلم بنانے کے لیے کیں۔
ابھیشیک بچن، جو جان ابراہم کے ساتھ دھوم اور دوستانہ فلموں میں کام کر چکے ہیں، نے جان ابراہم کے نوٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’آپ کو مزید طاقت ملے۔‘
دونوں اداکاروں کے مداحوں نے ابھیشک کے کمنٹس کو ’حقیقی دوستانہ‘ قرار دیا جبکہ دیگر بے شمار صارفین نے جان ابراہم کے لیے تعریفی جملے لکھے۔
ایک صارف نے اٹیک فلم کو ماسٹر پیس قرار دیا جبکہ ایک اور صارف نے اس کو سینیما کی دنیا کی سب سے بہترین ایکشن فلم قرار دیا۔
اسی طرح اور ایک صارف نے لکھا ’وہ شخص جس نے بالی وڈ میں ایکشن کو بدل کر رکھ دیا اور ہر بار ہٹ کر کام کیا، مجھے آپ کا مداح ہونے پر فخر ہے، آپ مجھے ہر روز متاثر کر رہے ہیں۔‘
چند دیگر صارفین نے لکھا کہ ان کو فلم بہت پسند آئی اور اس کے سیکوئل کا انتظار کریں گے۔

فلم میں جیکولین فرنینڈس نے بھی اداکاری کی ہے (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)

اٹیک ایک ایکشن تھرلر فلم ہے، جس کو لکشیا راج آنند نے ڈائریکٹ کیا ہے، اس فلم میں سائنس فکشن مناظر اور سپر ہیرو کے کمالات کا امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔
جان ابراہم اس فلم کے کو پروڈیوسر بھی تھے اور انہوں نے اس میں کردار بھی ادا کیا۔
فلم میں انہوں نے ایک مفلوج فوجی کا کردار ادا کیا ہے جو دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے انڈیا کے پہلے سپر سولجر میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
فلم میں جیکولین فرنینڈز اور راکل پرینت سنگھ نے بھی اداکاری کی ہے۔
یکم اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم کے حوالے سے مختلف قسم کی آرا سامنے آ رہی ہیں جبکہ باکس آفس پر بہت اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے اور پہلے پانچ روز میں صرف 12 کروڑ روپے کا بزنس کر پائی ہے۔

شیئر: