Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جیل سے امتحان‘ابھیشیک نے امیتابھ بچن کو حیران کر دیا

فلم میں ابھیشیک کے علاوہ اداکارہ یامی گوتم اور نمرتا کور بھی نظر آئیں گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ انڈسٹری کا بڑا نام امیتابھ بچن اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کی فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد ان کے کام پر فخر محسوس کرتے نظر آئے۔ بالی وڈ ’شہنشاہ‘ کے نام سے جانے جانے والے امیتابھ بچن کے نام کا سکہ آج بھی فلم انڈسٹری میں چلتا ہے۔
امیتابھ بچن نے بہت سے فلمیں کیں اور مختلف کرداروں کے ذریعے دیکھنے والوں کو اپنی اداکاری کا دیوانہ بنانے میں کامیاب رہے۔
امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ایک باپ کے لیے قابل فخر بات ہے کہ میرا بیٹا ابھیشیک بچن ایک کے بعد دوسری فلم میں بالکل مختلف کرداروں کی تصویر کشی سے سب کو حیران کر دیتا ہے۔‘
اس فلم میں ابھیشیک بچن گنگارام چودھری کا کردار نبھائیں گے جو جیل میں رہتے ہوئے دسویں جماعت کے امتحانات دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔
دسویں کے ٹیزر میں دیکھایا گیا ہے کہ مشہور اداکار ابھیشیک بچن کہہ رہے ہیں کہ میں جماعت دہم کے امتحان کی تیاری کر رہا ہوں اور پھر لائبریری کے ٹیبل پر کھڑے ہوکر ڈائیلاگ بولتے ہیں کہ وہ دسویں کا امتحان جیل سے دیں گے کیونکہ یہ ان کا تعلیمی حق ہے۔
بالی وڈ  اداکار اجے دیوگن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر’دسویں‘ فلم کا ٹیزر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ چودھری صاحب جونئیر بچن کی فلم دسویں کا ٹریلر آگیا ان کی کامیابی کے لیے تمام نیک تمنائیں!
یہ ٹریلر منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین فلم کے لیے پسندیدگی کا اظہار کرتے رہے جبکہ اکثر مداح فلم دیکھنے کے لیے پر جوش بھی نظر آئے۔
 فلم میں ابھیشیک کے علاوہ اداکارہ یامی گوتم اور نمرتا کور بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جبکہ یہ فلم 7 اپریل کو سیمنا گھروں میں منظر عام پر آ جائے گی۔

شیئر: