Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈالر کی قیمت میں چار روپے کی کمی، سٹاک ایکچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز

مارکیٹ 657 پوائنٹس کے اضافے سے 44 ہزار 444 پر بند ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں تقریباً پانچ ہفتے بعد ڈالر کی قدر میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے جبکہ سٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔
جمعے کو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں چار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کمی کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 189 سے 184.8 روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 190 روپے سے کم ہو کر186 روپے ہو چکا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ ’آج ملک میں سیاسی استحکام کی امید پر روپے کی قیمت میں انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں چار روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر 189 سے 184.8 روپے تک پہنچ گیا ہے۔‘
فاریکس ڈیلرز کے مطابق قرضوں کی ادائیگی کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور ملک میں جاری سیاسی بحران کی وجہ سے روپے کی قدر میں گراوٹ دیکھی جا رہی تھی۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی اور 100 انڈیکس میں 657 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز 100انڈیکس میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔  تیزی کے باعث 100 انڈیکس 44 ہزار کی حد عبور کرگیا۔
مارکیٹ 657 پوائنٹس کے اضافے سے 44 ہزار 444 پر بند ہوئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے کے فیصلے کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
 پاک کویت انویسٹمنٹ کے ڈائریکٹر سمیع اللہ طارق کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح سے مارکیٹ مثبت رپورٹ ہوئی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی بحالی اور ملک میں جاری سیاسی صورتحال میں بہتری پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ضرور ہوا ہے لیکن ابھی مزید بہتری کی گنجائش ہے۔
’ایک مضبوط اور بہتر سسٹم نظر آئے گا تو سرمایہ کار اپنا پیسہ لگائیں گے۔ رواں ہفتے سیاسی صورتحال میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی۔ لیکن اب صورتحال میں بہتری نظر آ رہی ہے۔ امید ہے آنے والے دنوں میں بہتر اقدامات ہوں گے۔ اور سرمایہ کاروں کو بہتر کام کرنے کا موقع ملے گا۔‘
واضح رہے کہ ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور اسمبلی کے تحلیل ہونے کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی جارہی تھی۔
گذشتہ روز مارکیٹ 324 پوائنٹس کی کمی سے 43 ہزار 786 پر بند ہوئی تھی۔

شیئر: