Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہانگ کانگ میں کسٹم حکام نے 700 کلوگرام کرسٹل میتھ قبضے میں لے لی

اس متھ کو مارچ کے دوران فضائی اور سمندری راستے سے ہانگ کانک پہنچایا گیا تھا (فائل فوٹو: ڈکسن لی)
ہانگ کانگ میں کسٹم حکام نے میکسیکو سے بھیجی گئی 700 کلوگرام کرسٹل میتھ (منشیات کی ایک قسم) کو قبضے میں لے لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے اتوار کو ہانگ کانگ کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’یہ شہر کی تاریخ میں پکڑی گئی منشیات کی سب سے بڑی مقدار ہے۔‘
محکمہ کسٹم کے ڈرگ انویسٹی گیشن بیورو کے سربراہ لی کام ونگ نے بتایا کہ ’اس میتھ کو بھاری صنعتی سامان کی دو کھیپوں کے اندر چھپایا گیا تھا۔‘
’اس متھ کو مارچ میں ایک ہفتے کے دوران فضائی اور سمندری راستے سے ہانگ کانک پہنچایا گیا تھا۔‘
ڈرگ انویسٹی گیشن بیورو کے سربراہ کے مطابق ’یہ سامان میکسیکو سے ایک چینی لاجسٹک کمپنی کے ذریعے بھیجنے کا بندوبست کیا گیا تھا، اور اسے یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ اسے حاصل کرنے اور ذخیرہ کرنے کے لیے ہانگ کانگ کی ایک کمپنی تلاش کرے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس طرح سے منشیات فروشوں کو بالکل بھی ظاہر نہیں ہونا پڑا۔۔۔انہوں نے یہ سب بہت چالاکی سے کیا۔‘
شہر کے ایئرپورٹ پر تین ٹرانسفارمرز جن میں سے ہر ایک کا وزن 500 کلوگرام ہے کے اندر مائع میتھ کی تقریباً 450 کلوگرام مقدار پائی گئی۔
افسران کو اسی طرح کے درآمدی طریقہ کار کے تحت 253 کلوگرام میتھ پاؤڈر پہنچایا گیا، جسے شاک جذب کرنے والے ربڑ کے اندر چھپایا گیا تھا اور پہلے ہی زمینی سرحد کے قریب دیہی علاقے کے ایک گودام میں پہنچا دیا گیا تھا۔
لی کام ونگ کے مطابق ڈرگ سنڈیکیٹ نے پیچیدہ ڈھانچے کے ساتھ ایسے بھاری صنعتی آلات کا استعمال کیا جسے کسی ایک مقصد کے لیے کھولنا مشکل تھا، خاص طور پر محکمہ کسٹم کی چیکنگ سے بچنے کے لیے۔

محکمہ کسٹمز کے مطابق ’اس میتھ کو بھاری صنعتی سامان کی دو کھیپوں کے اندر چھپایا گیا تھا‘ (فائل فوٹو: ہانگ کانگ کسٹمز)

اس حوالے سے کھیپ کو سنبھالنے والی مقامی لاجسٹک کمپنیوں کے لیے کام کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
لی کام ونگ نے زمینی سرحدی حکام کے ساتھ مل کر سمندر پار موجود سنڈیکیٹ کے خلاف کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ہانگ کانگ کا محکمہ کسٹمز رواں برس کے دوران اب تک مختلف اقسام کی 1.2 ٹن منشیات ضبط کرچکا ہے جو کہ گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 4.6 گنا زیادہ ہیں۔
میتھ، ہانگ کانگ میں دوسری سب سے زیادہ مقبول ڈرگ ہے۔ رواں برس اب تک اس کی 814 کلوگرام مقدار پکڑی جاچکی ہے جو کہ کسی بھی دوسری ڈرگ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ 

شیئر: