Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن میں نواز شریف کے گھر کے باہر پی ٹی آئی کا احتجاج، ویڈیوز وائرل

لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا گھر پارک لین روڈ پر واقع ہے۔ (تصویر: ٹوئٹر)
اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عمران خان کو وزات اعظمیٰ سے ہٹائے جانے کے خلاف پاکستان سے باہر بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
ایسا ہی ایک احتجاج برطانیہ میں لندن کے پارک لین روڈ پر منعقد کیا گیا۔ یہ وہی پارک لین روڈ ہے جہاں ایون فیلڈ اپارٹمنٹ یعنی سابق وزیراعظم نواز شریف کا گھر بھی واقع ہے۔
لندن میں مقیم صحافی مرتضیٰ علی شاہ کے مطابق برطانیہ میں پی ٹی آئی نے لندن میں امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پھر وہ احتجاج کرنے ایون فیلڈ فلیٹس آگئے۔
لندن میں مقیم ایک اور پاکستانی صحافی اظہر جاوید نے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خطرناک صورتحال لندن میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا نواز شریف کے گھر کے باہر مظاہرہ۔ عمران خان کے ذاتی دوست صاحبزادہ جہانگیر قیادت کررہے ہیں۔‘
لندن کے ہائیڈ پارک میں بھی پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے مظاہر کیا گیا۔ برطانیہ میں مقیم فرید احمد کی جانب سے ٹویٹ کی گئی ویڈیو میں مظاہرین نعرے لگارہے ہیں کہ اگر عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے تو وہ ترسیلات بھی نہیں بھیجیں گے۔
واضح رہے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت کا دعویٰ ہے کہ انہیں اپوزیشن جماعتوں نے بیروبی سازش کے ذریعے منصب سے ہٹایا اور اس کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے پاکستان بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

شیئر: