Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے کون کون سے وزرائے اعظم اپنی مدت پوری نہیں کر پائے؟

عمران خان نے تین سال اور سات ماہ حکومت کی۔ (فوٹو: اے پی)
پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں کسی بھی وزیراعظم نے اپنا دور حکومت مکمل نہیں کیا ہے۔ ایک ایسا رجحان جو عمران خان کی برطرفی کے ساتھ بڑھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 1947 سے اب تک پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں 29 وزرائے اعظم گزرے چکے ہیں۔
18 موقعوں پر کرپشن کے الزامات، براہ راست فوجی بغاوت اور جبری طور پر استعفیٰ لینے سمیت ان کو مختلف بہانوں سے اپنے عہدوں سے ہٹایا گیا۔ اس میں ایک وزیراعظم کا قتل بھی ہوا۔
نئے انتخابات تک عبوری وزیراعظم محدود وقت کے لیے اس عہدے پر فائز رہے۔
پاکستان میں وزیراعظم کا مختصر ترین دور دو ہفتے اور سب سے طویل دور چار سال اور دو ماہ کا رہا۔
میاں محمد نواز شریف 1990، 1997 اور 2013 میں یعنی تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے۔
ذیل میں ان وزرائے اعظم کی فہرست ہے جو اپنے عہدے کی آئینی مدت پوری نہ کر سکے۔ اس میں نگراں وزرائے اعظم یا وہ وزرائے اعظم شامل نہیں جنہوں نے دوسرے وزیراعظم کی مدت پوری کی ہو۔
1۔ لیاقت علی خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم تھے، انہوں نے 1947 میں اقتدار سنبھالا۔ 16 اکتوبر 1951 کو ایک سیاسی جلسے میں ان کو قتل کیا گیا۔
ان کے حکومت کا دور چار سال اور دو ماہ تھا۔

میاں محمد نواز شریف 1990، 1997 اور 2013 میں یعنی تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے۔ (فوٹو: اےا یف پی)

2۔ خواجہ ناظم الدین نے 17 اکتوبر 1951 کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔ مذہبی فسادات سے صحیح طور پر نہ نمٹنے کی وجہ سے گورنر جنرل نے ان کو 17 اپریل 1953 کو برطرف کیا تھا۔ گونر جنرل برطانوی نو آبادیاتی دور کا ایک طاقتور عہدہ تھا۔
ان کا دور حکومت ایک سال چھ ماہ پر مشتمل تھا۔
3۔ محمد علی بوگرہ 17 اپریل 1953 کو وزیراعظم بنے۔ انہوں نے 11 اگست 1955 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
ان کی حکومت دو سال اور تین ماہ رہی۔
4۔ چوہدری محمد علی نے اگست 1955 میں وزیراعظم کے عہدے کا چارج سنبھالا۔ حکمراں جماعت کے اندرونی اختلافات 12 ستمبر 1956 کو ان کی برطرفی کا باعث بنے۔
وہ ایک سال اور ایک ماہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔
5۔ حسین شہید سہروردی 12 ستمبر 1956 کو وزیراعظم بنے۔ دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ اختلافات کے باعث ان کو 18 اکتوبر 1957 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا۔
ان کی حکومت ایک سال اور ایک ماہ رہی۔
6۔ اکتوبر 1957 میں ابراہیم اسماعیل چندریگر کو وزیراعظم کا عہدہ ملا۔ ابراہیم اسماعیل چندریگر تحریک عدم اعتماد کا شکار ہوئے۔ انہوں نے 16 دسمبر 1957 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
وہ دو ماہ سے بھی کم پاکستان کے وزیراعظم رہے۔

ذوالفقار علی بھٹو نے 14 اگست 1973 کو اقتدار سنبھالا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

7۔ ملک فیروز خان نون نے 16 دسمبر 1957 کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔ سات اکتوبر 1958 میں مارشل لا کے نفاذ کے بعد ان کو برطرف کیا گیا۔
ان کا دور حکومت دس ماہ سے کم تھا۔
8۔ نورالامین سات دسمبر 1971 کو وزیراعظم بنے۔ وہ دو ہفتوں سے کم پاکستان کے وزیراعظم رہے۔ پاکستان سے بنگلہ دیش کی علیحدگی کے فوراً بعد انہوں نے 20 دسمبر 1971 کو اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
9۔ ذوالفقار علی بھٹو نے 14 اگست 1973 کو اقتدار سنبھالا۔ پانچ جولائی 1977 کو ایک فوجی بغاوت کے ذریعے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔ بعدازاں ان کو جیل بھیجا گیا اور پھانسی دی گئی۔
ان کے حکومت کا دور تین سال اور 11 ماہ پر مشتمل تھا۔
10۔ محمد خان جونیجو مارچ 1985 میں وزیراعظم بنے۔ انہیں 29 مئی 1988 کو فوجی سربراہ ضیاالحق نے برطرف کیا جو اس وقت صدر بھی تھے۔
وہ تین سال اور دو ماہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔
11۔ مقتول وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون رہنما بے نظیر بھٹو نے وزیراعظم کا عہدہ دو دسمبر 1988 کو سنبھالا۔
ان کی حکومت کو صدر نے کرپشن کے الزام میں چھ اگست 1990 میں برطرف کیا تھا۔
ان کی حکومت ایک سال اور آٹھ ماہ رہی۔

میر ظفراللہ خان جمالی نومبر 2002 میں فوجی حکمران پرویز مشرف کے دور میں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

12۔ میاں محمد نواز شریف نے چھ نومبر 1990 کو اقتدار سنبھالا تھا۔ ان کی حکومت بھی کرپشن کے الزامات کے تحت 18 اپریل 1993 کو صدر نے برطرف کی تھی۔
عدالتی فیصلے بعد میاں نواز شریف کی حکومت بحال ہو گئی تھی اور انہوں نے اپنا عہدہ بھی سنبھالا تاہم فوج سے اختلافات کے بعد انہوں نے بعد میں استعفیٰ دیا تھا۔
ان کا دور حکومت دو سال اور سات ماہ تھا۔
13۔ بے نظیر بھٹو نے 19 اکتوبر 1993 میں دوسری مرتبہ اقتدار سنبھالا۔ پانچ نومبر 1996 کو صدر نے ایک مرتبہ پھر ان کی حکومت کو برطرف کر دیا تھا۔
دوسری مرتبہ بے نظیر بھٹو تین سال سے زائد عرصہ وزیراعظم رہیں۔
14۔ نواز شریف 17 فروری 1997 کو دوسری مرتبہ اقتدار میں آئے۔ 12 اکتوبر 1999 کو فوجی بغاوت کے ذریعے ان کی حکومت ختم ہوئی۔ پاکستان کی تاریخ میں تیسری مرتبہ مارشل لا لگا۔ 
وہ دو سال اور آٹھ ماہ تک وزیراعظم رہے۔
15۔ میر ظفراللہ خان جمالی نومبر 2002 میں فوجی حکمران پرویز مشرف کے دور میں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ انہوں نے 26 جون 2004 میں فوج سے اختلافات کے بعد استعفیٰ دیا تھا۔
وہ ایک سال اور سات ماہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔

2012 میں سپریم کورٹ نے ’توہین عدالت‘ کے الزام میں یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

16۔ یوسف رضا گیلانی 25 مارچ 2008 کو وزیراعظم منتخب ہوئے۔  2012 میں سپریم کورٹ نے ’توہین عدالت‘ کے الزام میں ان کو نااہل قرار دیا تھا۔
ان کا دور حکومت چار سال اور ایک ماہ پر مشتمل ہے۔
17۔ نواز شریف پانچ جون 2013 کو تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے۔ ان کو 28 جولائی 2017 کو سپریم کورٹ نے اثاثے چھپانے کے الزام میں برطرف کیا تھا۔
اس مرتبہ انہوں نے چار سال اور دو ماہ حکومت کی۔
18۔ عمران خان 18 اگست 2018 کو وزیراعظم منتخب ہوئے۔ 10 اپریل 2022 کو اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے باہر ہوئے۔
عمران خان نے تین سال اور سات ماہ حکومت کی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں