معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی انتقال کرگئیں
بلقیس ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا (فائل فوٹو: ایدھی ڈاٹ او آر جی)
پاکستان کے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی بیوہ بلقیس ایدھی انتقال کرگئی ہیں۔
بلقیس ایدھی کے انتقال کی تصدیق جمعے کو ان کے بیٹے فیصل ایدھی نے کی ہے۔
بلقیس ایدھی گذشتہ چند روز سے انتہائی علیل تھیں اور کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ ان کی عمر 74 سال تھی۔
بلقیس ایدھی نے محض 16 برس کی عمر میں عبدالستار ایدھی کے نرسنگ سکول سے تربیت حاصل کی تھی۔
اسی ادارے میں دو برس تک خدمات انجام دینے کے بعد ان کی شادی عبدالستار ایدھی سے ہوگئی۔
بلقیس ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ انڈیا کی جانب سے انہیں 2015 میں مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’بلقیس ایدھی کا انتقال قوم کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔‘
بلقیس ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ان کی والدہ کی نماز جنازہ سنیچر کو نماز ظہر کے بعد نیو میمن مسجد میں ادا کی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بلقیس ایدھی کی تدفین میوہ شاہ قبرستان میں ان کے والد کی قبر کے ساتھ کی جائے گی۔‘