وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان
اوگرا کی جانب سے وزیراعظم کو قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے دو سمریاں بھیجی گئی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کے فیصلے کی تصدیق کی۔
اس سے قبل اوگرا کی جانب سے وزیراعظم کو قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے دو سمریاں بھیجی گئی تھیں۔
پہلی سمری میں صفر سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کے ساتھ پیٹرول کی قیمت میں 21 روپے 30 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 51 روپے 52 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
دوسری سمری میں 17 فیصد سیلز ٹیکس اور 30 روپے پیٹرولیم لیوی کے ساتھ ڈیزل 119 روپے 88 پیسے جبکہ پیٹرول 83 روپے 30 پیسے فی لیٹر تک مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت 77 روپے تک بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جون تک منجمد رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹی فیکیشن جاری
سمری مسترد ہونے کے بعد وزارت خزانہ نے جمعے کو ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 149روپے 86 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے گی جبکہ ڈیزل 144روپے15 پیسے فی لیٹر پر ہی فروخت ہوگا۔