شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کا حملہ، سات اہلکار ہلاک
دہشت گرد حملے میں سات فوجی جوان ہلاک ہوئے ہیں (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
افغانستان کی سرحد کے قریب ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے پاکستان کی فوج کے قافلے پر حملہ کیا جس میں سات فوجی ہلاک ہوگئے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ ’واقعہ جمعرات کو شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام کے قریب پیش آیا۔‘
بیان کے مطابق ’فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد بھی مارے گئے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’علاقے کو دہشت گردوں سے خالی کرانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پاکستان کی فوج پرعزم ہے اور سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘
ہلاک ہونے والے جوانوں میں 36 سالہ حوالدار طارق یوسف، 34 سالہ سپاہی سلمان وقاس، 26 سالہ سپاہی جنید علی، 27 سالہ سپاہی اعجاز حسین، 25 سالہ سپاہی وقار احمد، 24 سالہ سپاہی محمد جواد امیر اور 23 سالہ سپاہی ارشد علی شامل ہیں۔