Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے غیر ملکی اور سہولت کار گرفتار

قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے(فوٹو سبق)
سعودی حکام نےغیر قانونی طریقے سے سعودی عرب کی سرحد عبور کرکے مملکت میں7 ایتھوپین کو سفر کی سہولت فراہم کرنے والے ایک مقیم غیرملکی کو گرفتارکیا ہے۔ اس کا تعلق جمہوریہ مالی سے ہے۔ گرفتاری مکہ ریجن کی اللیث کمشنری میں عمل میں آئی ہے۔ 
سبق نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ پولیس نے بتایا کہ دراندازوں اور انہیں سفر کی سہولت فراہم کرنے والے جمہوریہ مالی کے تارک وطن کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے۔
 پولیس کے ترجمان نے کہا کہ’ جو شخص بھی سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرے گا یا انہیں مملکت میں دراندازی کے لیے کوئی آسانی، انہیں رہائش فراہم کرے گا یا مملکت میں قیام کے حوالے سے کوئی سہولت دے گا اسے پندرہ برس تک قید اور دس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی‘۔
’علاوہ ازیں غیر قانونی تارکین کو سفراور رہائش میں استعمال ہونے والی گاڑی اور مکان کو ضبط کرلیا جائے گا۔ ایسے شخص کی تشہیر بھی ہوگی‘۔ 

شیئر: