سعودی امدادی ایجنسی کے تحت یمن میں پانی کی فراہمی کے منصوبے
سعودی امدادی ایجنسی کے تحت یمن میں پانی کی فراہمی کے منصوبے
اتوار 17 اپریل 2022 22:15
ماحولیاتی صفائی کے منصوبوں کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں پانی کی فراہمی اور ماحولیاتی صفائی کے منصوبوں کے اپنے کام کے تسلسل کا خاکہ پیش کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ کام یمن کے حجتہ گورنریٹ میں ميدی، مديرية حرض، حران اور ابس کے ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ ساتھ ملک کی صعدہ گورنریٹ میں رازی ڈائریکٹوریٹ میں الازور کیمپ میں کیا جا رہا ہے۔
23 سے 29 مارچ کے دوران حجتہ گورنریٹ میں تقریباً 29 لاکھ لٹر قابل استعمال پانی پمپ کیا گیا، چارلاکھ 52 ہزار 500 لٹر پینے کے قابل پانی کو پمپ کیا گیا اور بے گھر افراد کے لیے کیمپوں سے فضلہ ہٹانے کے لیے 54 شفٹیں مختص کی گئیں۔
یمن کے صعدہ گورنریٹ میں ایک لاکھ لٹر پانی پمپ کیا گیا(فوٹو ایس پی اے)
یمن کے صعدہ گورنریٹ میں ایک لاکھ لٹر پینے کا پانی پمپ کیا گیا اور 40 ہزار پینے کا پانی بھی فراہم کیا گیا جس سے 29 ہزار 621 افراد مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک،صحت اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 77 ممالک میں مختلف قسم کے 1814 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا(فوٹو ایس پی اے)
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.5 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 3.9 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 322 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 209 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔