Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب میں سالانہ 40 ارب ریال کی خوراک ضائع ہورہی ہے ‘

سعودی عرب میں سب سے زیادہ ضیاع چاول کا ہورہا ہے(فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں سالانہ 40 ارب ریال سے زیادہ  مالیت کی خوراک ضائع ہورہی ہے۔
الاخباریہ چینل کے معروف پروگرام ’نشرۃ النھار‘ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ ضیاع چاول کا ہورہا ہے۔ ضائع ہونے والی خوراک میں اس کا حصہ 30 فیصد کے لگ بھگ ہے۔
چاول کے بعد دوسرا نمبر آٹے اور روٹی کا ہے' اس کے ضیاع کی شرح 25 فیصد تک ہے۔
ٹی وی پروگرام میں خواراک کے ضیاع کے منفی پہلوؤں کو اجاگرکرتے ہوئے عوام میں یہ آگہی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی کہ بہتر ہوگا کہ کھانوں میں تنوع پیدا کیا جائے تاکہ خاص قسم کی غذا کا شوق نہ رہے اور لوگ اس کے ضیاع کی طرف نہ جائیں۔ 
علاوہ ازیں عرب نیوز کے مطابق وزارت ماحولیات، وزارت بلدیات اور وزارت ہاوسنگ نے سالانہ چالیس ارب ریال کی خوراک کے ضیاع میں کمی کے لیے ایک قومی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
تقریب میں وزیر بلدیات ماجد الحقیل نے خوراک کی نعمت، مملکت کی اسلامی تعلیمات اور اقدار کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ضرورت سے زیادہ خوراک کے ضیاع سے فوڈ سیکیورٹی اور مملکت کی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’مملکت میں خوراک کے ضیاع کا حجم سالانہ چالیس ارب ریال تک پہنچ گیا ہے، اس مسئلے کو کئی طریقوں سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان میں سب سے اہم کمیونٹی اور حکومت کو متحرک کرنا ہے تاکہ ضائع ہونے والی خوراک کے حوالے سے مثبت طریقے تلاش کیے جا سکیں‘۔

شیئر: