عمرہ زائرین اور سیاح جدہ کورنیش پر افطار کے لیے آنے لگے
متعدد خاندان مل جل کر بھی افطار کا لطف اٹھاتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
ہر برس کی طرح اس سال بھی جدہ رمضان المبارک میں ملکی و غیرملکی زائرین اور سیاحوں کی آماج گاہ بنا ہوا ہے۔
جدہ کو بحراحمر کی دلہن کہا جاتا ہے۔ یہ بین الاقوامی ساحلی شہر ہے۔ یہاں سال بھر سیر و سیاحت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق عمرہ زائرین اور سیاح جدہ شہر میں رمضان کے منفرد ماحول سے لطف اٹھا رہے ہیں۔ یہاں کثیر ملکی، ثقافتی ماحول دنیا بھر کے لوگوں کو اچھا لگتا ہے۔
یہاں عرب دنیا کی قدیم اور جدید روایات دونوں ایک ساتھ چلتی ہیں۔ اس شہرمیں آنے والے بیک وقت جدہ کے ماضی کا بھی لطف اٹھاتے ہیں اور حال کی رونقیں دیکھ کر بھی خوش ہوتے ہیں۔
دن کے وقت رمضان میں جدہ کا ساحل خالی پڑا رہتا ہے۔ بحراحمر کی لہروں کی آواز کے سوا کوئی اور آواز یہاں سننے کو نہیں ملتی البتہ افطار سے قبل پورا ساحل روزہ داروں سے آباد ہو جاتا ہے۔
مقامی شہری، مقیم غیرملکی، عمرہ زائرین اور سیاح جدہ کورنیش پہنچ کر افطار کرنا پسند کرتے ہیں۔
بچے، بوڑھے، خواتین اور نوجوان سب موجود ہوتے ہیں اور خاندان کے تمام لوگ افطار دسترخوان سجاتے ہیں اسی طرح متعدد خاندان مل جل کر بھی افطار کا لطف اٹھاتے ہیں۔
جدہ کورنیش پر چار کلومیٹر کا علاقہ جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جہاں بچوں کے لیے جھولوں کا انتظام ہے اور متعدد جمالیاتی مجسمے بھی سجائے گئے ہیں۔
جدہ کے ساحل پر کئی خوبصورت مساجد بنی ہوئی ہیں جہاں روزے داروں کا ہجوم زیادہ رہتا ہے۔ ان کے بیرونی صحنوں میں افطار دسترخوان جدہ میں کثیر القومی معاشرے کا پتا دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ سیاحتی ویزے کے اجرا نے 49 سے زیادہ ممالک کے سیاحوں کے لیے سعودی عرب کے دروازے کھول دیے ہیں۔
visa.visitsaudi.com روح السعودیہ ویب سائٹ سے ای ویزوں کا حصول آسان ہوگیا ہے۔ سعودی سفارت خانے اور قونصل خانے بھی سیاحتی ویزے جاری کررہے ہیں۔
مقررہ شرائط پوری کرنے پر مملکت پہنچنے پر بھی سیاحتی ویزہ مل جاتا ہے۔ سال بھر ملٹی پل وزٹ ویزے بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان تمام سہولیات کی بدولت جدہ شہر کی رونقیں عام دنوں کے مقابلے میں رمضان میں کچھ زیادہ ہی ہوگئی ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں