Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کا مقدمہ، لاہور ہائیکورٹ کا ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس

پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے حلف معاملے پر ڈیڈ لاک قائم ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
لاہور ہائی کورٹ نے صوبہ پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے خلاف دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی نے جمعرات کو درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ ’پنجاب کے ایڈووکیٹ جنرل گورنر سے ہدایات لے کر پیش ہوں اور عدالت کی معاونت کریں۔‘
سماعت کے دوران حمزہ شہباز کے وکیل خالد اسحاق نے موقف اپنایا کہ ’گورنر پنجاب آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے۔ میں اس عدالت کی توجہ آئین کی خلاف ورزی کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔‘
حمزہ شہباز کے وکیل نے بتایا کہ ’قانون کے مطابق وزیراعلیٰ کا انتخاب کا سارا پراسس مکمل ہوا۔ ڈپٹی سپیکر نے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق نتائج گورنر پنجاب کو بھجوائے۔ گورنر پنجاب اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہ کر کے آئین و قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔‘
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں ہی سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو عہدے پر بحال کرنے کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی۔
عدالت نے آبزرویشن دی کہ متاثرہ فریق نہ ہوتے ہوئے درخواست دائر نہیں کی جا سکتی۔

شیئر: